امریکی سفیر کی ایک سالہ تبادلہ پروگرام میں شریک ۱۷۱ پاکستانی طلبہ کو مبارکباد

اسلام آباد (۱۷ ِجولائی ، ۲۰۱۶ء)__ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نےگزشتہ روز   پنجاب، خیبر پختونخوا اور شمالی پاکستان سے تعلق رکھنے والے ان ۶۶ طلباء میں اسناد تقسیم کیں جو حال ہی میں امریکہ میں ایک سالہ تعلیمی تبادلہ پروگرام میں شرکت کے بعد واپس لوٹے ہیں۔امریکی سفیر نے ان ۱۰۵ ثانوی اسکولوں کے طلبہ سے بھی ملاقات کی جو۲۰۱۶ ء اور ۲۰۱۷ء کا تعلیمی سال امریکہ میں گزاریں گے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے  کہا کہ انہیں بخوبی علم ہے کہ تعلیمی تبادلہ پروگرام کس طرح نئے خیالات تخلیق کرتے اور گھسے پٹے خیالات کا مقابلہ کرتے ہیں، ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں اور نئی دوستیاں قائم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستانی حکومت مل کر تعلیم کے شعبے میں اعانت کو بڑھانے، پاکستان کے موجودہ تعلیمی نظام میں بہتری اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے بڑھانے کیلئے پرُعزم ہیں۔

پاکستان بھر سے ۱۷۱ طلبہ کو درخواستوں، انگریزی زبان کی استعداد کے امتحان اور انٹرویوز کی بنیاد پر کینیڈی- لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ سٹدی پروگرام (یس) میں شرکت کا موقع ملا ہے۔ یس پروگرام جس کیلئے مالی معاونت امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیئرز نے کی ہے ۳۷ ممالک کے سیکنڈری سکول کے طلبہ کو امریکن ہائی اسکولوں میں تعلیم اور امریکی میزبان خاندانوں کیساتھ ایک سال وقت گزارنے کا موقع فراہم کرتاہے۔ اس پروگرام کے دوران شرکاء تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ غیر نصابی سرگرمیوں، فلاحی سرگرمیوں اور نوجوانوں کی قائدانہ تربیت میں بھی شرکت کرتے ہیں۔ شرکاء اس پروگرام میں اپنے ممالک کے ثقافتی سفیروں کا بھی کردار ادا کرتے ہیں جس سے امریکی طلبہ کو ان کے ممالک اور ثقافتوں کے بارے میں بہترمعلومات مہیا ہوتی ہیں۔

دی انٹر نیشنل ایجوکیشن اینڈ ریسورس نیٹ ورک (آئی ای اے آر این) پاکستان امریکی سفارتخانہ کے تعاون سے  یس پروگرام کے شرکاء کا انتخاب کرتی ہی۔ یس پروگرام کے بارے میں مزید معلومات کیلئے مندرجہ ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے

www.iearnpk.org.

یس پروگرام امریکی  سفارتخانہ اسلام آباد کے جامع تبادلہ  پروگراموں میں سے ایک ہے۔ ہر سال ۱۳۰۰ سےزائد پاکستانی تعلیمی اور  پیشہ وارانہ پروگراموں میں شرکت کی لئے امریکہ جاتے ہیں۔امریکی تعلیمی اور ثقافتی تبادلہ پروگراموں کے بارے میں مزید جاننے کیلئے  مندرجہ ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔

www.eca.state.gov