اسلا م آباد (۱۷ نومبر، ۲۰۱۶ء) __ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کاروبار کے عالمی ہفتے کے موقع پر پاکستان کی کاروباری برادری کے ارکان کے اعزاز میں ایک استقبالیہ کا انعقاد کیا۔ گلوبل انٹرپرینیورشپ ویک منانے کے سلسلے میں ہونے والی اس تقریب کی مہمان خصوصی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات انوشہ رحمان خان تھیں۔ گلوبل انٹرپرینیورشپ سمٹ میں شرکت کرنے والے پاکستانی وفد کے کئی ارکان نے بھی استقبالیہ تقریب میں شرکت کی، جنہوں نے جون میں سیلیکون ویلی کا دورہ کیا تھا۔ پاکستان نے گلوبل انٹرپرینیورشپ سمٹ میں شرکت کے لئے سب سے بڑا غیر ملکی وفد بھیجا تھا ،جسے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے سراہتے ہوئے پاکستان کی معاشی فعالیت کا ثبوت قرار دیا۔
یہ استقبالیہ کاروبار کے شعبے میں امریکہ اور پاکستان کے تعاون اور پاکستان کے کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کے لئے امریکی سفارتخانہ کی جانب سے منعقد کی جانے والی کئی تقریبات میں سے ایک ہے۔ اس عالمی ہفتہ کی سرگرمیوں کے آغاز کے لئے امریکی محکمہ خارجہ کے جنوبی اور وسط ایشیائی امور کے بیورو کی نائب معاون سیکرٹری اینجلا ایگلر نے پاکستان کے نوجوان کاروباری افراد کے ایک گروپ سے ملاقات کی اور ان سے کاروبار کی مشکلات اور فوائد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
دوسری سرگرمیوں میں زرعی صنعت اور کاروبار سے وابستہ افراد کے درمیان ملاقات جس میں نئی ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لاتے ہوئے زرعی شعبے کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی، اور کاروبار کے شعبے سے وابستہ خواتین اور طلبہ کو اپنی کمپنیوں کے تجربات کا تبادلہ کرنے کا فورم شامل ہیں۔
امریکی سفارتخانہ متعدد پروگراموں کے تحت کاروباری افراد کو مالی وسائل تک رسائی کی فراہمی، انٹرپرینیورشپ سے متعلق تعلیم کے مواقع میں معاونت اور کاروبار کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دیتے ہوئے پاکستانی کارورباری افراد کی معاونت کرتا ہے، ان اقدامات میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کا پاکستان پرائیوٹ انویسٹمنٹ انیشیٹو بھی شامل ہے جو پاکستان کے فعال اور تیزی سے ترقی پذیر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لئے دس کروڑ ڈالر سے زائد کا ایکویٹی کیپٹل فراہمی کرے گا۔
۱۷ نومبر، ۲۰۱۶ء رابطہ: شعبہ امور عامہ
برا ئے فوری اجراء سفارتخانہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ
۹۸/۲۰۱۶ فون:۰۵۱۲۰۱۵۴۲۷
###