امریکہ کے راک میوزک گروپ میری میک برائیڈ بینڈ کا دورہ پاکستان اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اسلام آباد سے قبل اس امریکی میوزک گروپ نے کراچی میں چھ روز قیام کیا۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران میری میک برائیڈ بینڈ نے پاکستان طلبہ و طالبات اور نوجوانوں کے لئے موسیقی کی مختلف محفلوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جس کا مقصد پاکستان اور امریکہ کے درمیان موسیقی کے ذریعے تعلقات کو مستحکم بنانا ہے۔
امریکی سفارتخانے کے معاون کلچرل اتاشی جیمز سیروَن نے امریکی میوزک گروپ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں میری میک برائیڈ کو پاکستان کے دوسرے دورے پر خوش آمدید کہتے ہوئے از حد خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس امریکی میوزک گروپ نے پاکستان اور دنیا بھر میں موسیقی کے شائقین کے سامنے منفرد امریکی آواز کو پیش کیا اور اپنی موسیقی کے ذریعے ثابت کیا کہ جس طرح موسیقی اقوام کو ایک دوسرے کے لئے قریب لاسکتی ہے اس طرح کوئی چیز یہ کام نہیں کرسکتی۔
پاکستان کے اس دورے کے دوران میری میک برائیڈ بینڈ نے الفارابی نیشنل سینٹر فار اسپیشل ایجوکیشن، اسلام آباد میں موسیقی کی ایک تقریب سمیت مقامی اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں موسیقی کی محفلیں اور تربیتی نشستیں منعقد کیں۔ بینڈ نے راولپنڈی میں نیشنل کالج آف آرٹس کا دورہ کیا، جس کے دوران بینڈ کے ارکان نے باصلاحیت فنکاروں کے لئے تخلیقی گیت نگاری کے بارے میں بھی بات چیت کی۔ اس امریکی بینڈ نے اسلام آباد میں اپنے دورے کا اختتام خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق ایک بین الاقوامی کانفرنس میں اپنے فن کے مظاہرے پر کیا،جس کا انعقاد اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانے، پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک اور امریکہ پاکستان ویمنز کونسل نے ملکر کیا تھا۔ بینڈ کی پرفارمنس سے امریکی حکومت کے تعاون سے جاری تبادلہ پروگراموں سے مستفید ہونے والے پاکستان طلبہ کی اپنے وطن کے لوگوں کے لئے رضاکارانہ خدمات انجام دینے کے لئے حوصلہ افزائی ہوئی۔
میری میک برائیڈ اور اُن کے بینڈ نے چار البم جاری کئے ہیں ،جن میں "ایوری تھنگ سیمڈ آل رائٹ”، "بائے اینی ادرنیم”، "ایوری ڈے از اے ہولی ڈے” اور”دی وے ہوم” شامل ہیں۔ امریکہ وزارت خارجہ کے ثقافتی سفیر کی حیثیت سے میری میک برائیڈ اور اُن کے بینڈ نے سعودی عرب، ویتنام، انڈونیشیا، افغانستان اور روس سمیت ۲۰ سے زائد ملکوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔ گلوکار اور گیت نگار میری میک برائیڈ کی قیادت میں اس بینڈ کے دیگر ارکان گٹار کے ماہر جان کینگلا، کی بورڈ کے ماہر جان اسپرنے، بیس کے ماہر گریگ بیشرز اور ڈرمز بجانے کے ماہر مارک اسٹیپرو ہیں۔
امریکی سفارتخانہ ہر سال پاکستان میں مختلف فنی مظاہروں کی معاونت کرتا ہے۔ اس سال کے پروگراموں میں امریکی تعاون سے آسٹن، ٹیکساس میں ساؤتھ بائی ساؤتھ ویسٹ میوزک فیسٹیول میں پہلی پاکستانی شرکت، دوستی موسیقی منصوبہ جس کے تحت پاکستانی، بھارتی اور امریکی موسیقاروں کو فن موسیقی میں اشتراک کا موقع ملے گا، وائسز آف پارٹیشن تھیٹر پراجیکٹ جس کے تحت مکالموں کے ذریعے زبانی تاریخ کو دستاویزی شکل دی جارہی ہےاور موسیقی اور دیگر فنی مظاہرے اور نمائشیں شامل ہیں۔