تجارتی وفد کے دورہ امریکہ کی بدولت” اوریکل "اور حکومت بلوچستان کے درمیان کثیر مالیت کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

امریکہ کی ٹیکنالوجی کمپنی "اوریکل "اور بلوچستان حکومت نے آج بلوچستان ہاؤس میں مقامی نوجوانوں کو نئے سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر کی تربیت دینے کے لاکھوں ڈالر مالیت کے پروگرام کے لئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے۔ یہ نیا معاہدہ اطلاعات ومواصلات ٹیکنالوجی کے ایک تجارتی وفد کے دورہ امریکہ کے نتیجہ میں طے پایاہے، جس نے امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل کی قیادت میں اکتوبر ۲۰۱۴ء  میں امریکہ کا دورہ کیا تھا۔ اس تجارتی دورے سے پاکستانی اور امریکی انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کمپنیوں کو لاکھوں ڈالر کا نیا کاروبار میسر آیاہے۔

امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ  معاہدہ اطلاعات و مواصلات ٹیکنالوجی کے شعبے میں امریکہ۔پاکستان اشتراک کے ایک نئے دور کا مظہر ہے اور یہ اشتراک نجی شعبے کے کاروباری معاہدوں سے آگے بڑھ کر اب سرکاری و نجی شعبے کی شراکتوں اور لوگوں کی زندگی میں بہتری لانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی  تک محیط ہے۔ امریکی سفیر نے پاکستان کے انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں خدمات انجام دینے کے اوریکل کے عزم کو بھی سراہا۔

اوریکل اس وقت پورے بلوچستان میں تحفظ عامہ  اورسلامتی میں بہتری کی غرض سےانفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید طریقے متعارف کرانے کے سلسلہ میں کمپنی کی "سیف سٹی” مصنوعات کی فراہمی کے لئے بلوچستان حکومت کے ساتھ ملکر کام کررہی ہے۔