امریکی قونصل خانے کے زیر اہتمام کاروباری جدت اور ترقی پر مذاکرہ

گروپ سیشن

امریکی قونصل خانے کے زیر اہتمام کاروباری جدت اور ترقی پر مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ کے علاوہ پاکستانی نوجوان کاروباری افراد محمد وقاص (ونڈر ٹری)، سنین ڈی سوزا (انویسٹر لاونج)، سہیل زندانی (لرننگ مائنڈز گروپ) اور جہاں آرا (پاکستان سافٹ وئیر ہاوسز ایسوسی ایشن) نے شرکت کی۔

مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ اس تقریب کا انعقاد بین الاقوامی کاروباری ہفتے کے موقع پر کیا گیا ہے جو 16 سے 22 نومبر کے دوران منایا جاتا ہے۔ اس ہفتے کو منانے کا مقصد ان کاروباری افراد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جو نئے کاروباری منصوبوں کا آغاز کر کے ناصرف ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ اس مذاکرے کے ذریعے پاکستانی کاروباری طبقے نے اپنی بےمثال صلاحیتوں کا اظہار کرکے ملکی اور بین الاقوامی منڈویوں تک رسائی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

2015 میں امریکی حکومت نے پاکستان بھر کے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے والے اداروں کے ساتھ اشتراک کا آغاز کیا۔ ان اداروں میں اسلام آباد میں واقع WECREATE، لاہور یونی ورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) اور کراچی میں قائم ادارہ NEST/IO شامل ہیں۔ امریکی حکومت اور ان اداروں کے درمیان اشتراک کے ذریعے پاکستان میں نئے کاروباری منصوبوں کی ترویج کیلیے تربیت، معاونت اور وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی حکومت کے زیر اہتمام پاکستان میں معاشی ترقی، کاروباری منصوبوں کے فروغ اور ان منصوبوں کیلیے مالی وسائل کی فراہمی میں معاونت کے بےشمار منصوبے بھی جاری ہیں۔

امریکی حکومت اور پاکستانی کاروباری اداروں کے درمیان جاری اشتراک کے بارے میں مزید جاننے کیلیے وزٹ کریں:
www.pakistan.wecreatecenter.com
www.thenestio.com