ناظم الامور کے مسجد وزیر خان کے دورے نے ثقافتی ورثے کی بحالی کے لیے امریکی کاوشوں کو اجاگر کیا

لاہور ۔۔۔ اکتوبر 14، 2021: مسجد وزیر خان اور ملحقہ چوک کے دورے کے دوران امریکی ناظم الامور انجیلا پی ایگلر نے پاکستان کے ثقافتی ورثے اور تاریخی مقامات کی بحالی و حفاظت کے لیے امریکہ-پاکستان مشترکہ کاوشوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ناظم الامور ایگلر نے 13۔14 اکتوبر کو لاہور کا دورہ کیا۔

ایمبیسڈر فنڈ فار کلچرل پریزرویشن (اے ایف سی پی) کے ذریعے امریکہ وسیع پیمانے پر ثقافتی ورثے جیسا کے تاریخی عمارات، آثار قدیمہ اور مخطوطات کے تحفظ کے لیے معاونت فراہم کرتا ہے۔

2002 سے ایمبیسڈر فنڈ اور پاکستان میں امریکی مشن نے مسجد وزیر خان اور ملحقہ چوک کے اطراف میں مختلف مقامات کی بحالی کے لئے تقریباً 14 لاکھ ڈالر (23 کروڑ 90 لاکھ روپے) فراہم کیے ہیں۔ بحالی کی ان کوششوں کے لیے پاکستان میں امریکی مشن اس وقت اپنے شراکت دار آغا خان فاؤنڈیشن اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

انجیلا ایگلر نے کہا کہ وزیر خان مسجد اور ملحقہ چوک شہر لاہور کے عظیم ثقافتی، تاریخی اور مذہبی ورثے کی علامت ہیں۔  انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ منصوبے امریکہ کے پاکستان، اس کی ثقافت اور اس کے عوام کے احترام کی ایک پائیدار علامت کے طور پر کام کریں گے۔

ایمبیسڈر فنڈ اور پاکستان میں امریکی مشن بحالی کے  اس کام سے چوک کے علاقے کو اس کی زمینی سطح سے تقریبا آٹھ فٹ کم اصل سطح پر لایا۔ چوک، حجروں، چوک کے اطراف کے مکانات اور دینہ ناتھ کے کنویں کا مشرقی رخ بھی بحال کیا گیا۔

ناظم الامور کے پاکستان میں دوروں یا امریکی مشن پاکستان کے پروگراموں کے بارے میں مزید معلومات کے لئے براہ کرم https://pk.usembassy.gov
ملاحظہ کریں۔