کراچی۔ امریکی قونصل خانے نے صحافتی تنظیموں کے نمائندوں کیلیے امریکی تعاون سے قائم ہونے والے ادارے’ سینٹر فار ایکسیلنس ان جرنل ازم‘ (CEJ)کے دورے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پرکراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ اور CEJکے سربراہ کمال صدیقی نے کراچی پریس کلب، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ، کراچی یونین آف جرنلسٹ اور پاکستان میڈیا کلب کے نمائندوں کو ادارے کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ آزاد صحافت جمہوری معاشرے کیلیے انتہائی ضروری ہے۔CEJکے ذریعے پاکستانی صحافیوں کو اعلیٰ معیار ی تربیت فراہم کی جا رہی ہے جس کے ذریعے وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا سکیں گے۔ قونصل جنرل برائن ہیتھ نے مزید کہا کہ CEJپاکستانی صحافیوں کے درمیان رابطوں کو مزید مظبوط بنانے میں بھی اہم کردار اداکرے گا۔
’سینٹر فار ایکسیلنس ان جرنل ازم‘ (CEJ)امریکی حکومت کے تعاون سے قائم ہونے والا ادارہ ہے جس کی تشکیل اور انتظام کیلیے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA)، انٹرنیشنل سینٹر فار جرنلسٹ (ICFJ)اور نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی میڈل اسکول آف جرنلزم مشترکہ تعاون فراہم کر رہے ہیں۔IBA سٹی کیمپس، گارڈن میں قائم ہونے والے اس ادارے کےجدید ٹی وی اسٹوڈیو اور نیوز روم میں اخباری صنعت اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو معیاری عملی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ادارے کے زیر اہتمام تربیتی کورسز میں امریکا اور پاکستان کے نامور میڈیا ماہرین پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو تربیت فراہم کرتے ہیں۔ اس ادارے کے ذریعے انویسٹی گیٹو جرنل ازم، ملٹی میڈیا رپورٹنگ، سوشل میڈیا، ذمہ دارآنہ صحافت، صحافیوں کی حفاظت اور ڈیٹا جرنل ازم کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ CEJمیں مذاکروں اور سیمینارز کا بھی باقاعدہ انعقاد کیا جاتا ہے۔
سینٹر فار ایکسیلنس ان جرنلزم(CEJ)کے بارے میں مزید معلومات کیلیے وزٹ کریں:
www.cej.iba.edu.pk
###