- امریکی سفارت خانے کے شعبے اور دفاتر
- برائےرابطہ
شعبہ اُمورِ عامہ
پبلک ڈپلومیسی سیکشن یا شعبہ اُمورِ عامہ پریس و اطلاعات اور ثقافتی اُمور کے دفاتر پرمشتمل ہے۔ تعلقات عامہ افسران امریکی پالیسیوں کی تشریح اورتائید کرتے ہیں اور میڈیا اور پریس کے سوالات کے لیے سفارتخانہ کی جانب سے رابطہ کار کے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔ یہ دفتر پاکستان میں امریکی سفارتی مشن کو عوامی سفارتکاری کے اُمور پر مشاورت بھی فراہم کرتا ہے۔ شعبہ اُمور عامہ امریکی سفارتخانہ کے دیگر شعبوں اور پاکستانی تنظیموں کے ساتھ مِل جُل کر باہمی تعلقات کی مضبوطی کے لیے کام کرتا ہے۔
پبلک ڈپلومیسی آفس کی سربراہی پبلک ڈپلومیسی آفیسر (پی اے او) کرتا ہے۔
دفتر برائے ثقافتی اُمور
سفارتخانہ کا کلچرل افیئرز آفس یا دفتر برائے ثقافتی اُمور پاکستان اور امریکہ کے لوگوں کے درمیان پیشہ ورانہ، تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ کی وسیع سرگرمیوں کا اہتمام کرتا ہے اور تعلیم اور ثقافت سے متعلقہ سرکاری کامو ں میں حکومتِ پاکستان کے ہم منصب کے طور پر امریکی سفارتخانہ کی نمائندگی کرتا ہے۔ اِس دفتر کی قیادت کلچرل افیئرز افسر کرتا ہے، جس کو بعض اوقات اتاشی برائے ثقافتی اُمور بھی کہتے ہیں۔ یہ دفتر۱۹۵۰ ء میں قائم کی جانے والی دو قومی فلبرائیٹ کمیشن- یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان (یو ایس اِی ایف پی) کے لیے مالی اور انتظامی معاونت کرتا ہے۔ اس وقت دنیا بھر میں امریکی حکومت کی فنڈنگ سے چلنے والے پروگراموں میں سب سے بڑا تعلیمی پروگرام پاکستان کے لیے جاری فلبرائیٹ فارن اسٹوڈنٹس پروگرام ہے۔
دیگر مُلکوں کے ثقافتی دفاتر کی طرح ہمارا کلچرل افیئرز آفس بھی فُنون لطیفہ کے تمام تر روایتی شعبوں جیسا کہ پرفارمنگ آرٹ، وژیول آرٹ اور ادبی سرگرمیوں کی بھی معاونت کرتا ہے۔
فُنون لطیفہ کے علاوہ ، ثقافتی اُمور کا دفتر پیشہ ورانہ تبادلہ اور مقررین پروگرام کی وسیع تر سرگرمیوں میں بھی اعانت کرتا ہے۔ پاکستان کا دورہ کرنے والے امریکی مقررین میں سرکاری حکام،دانشور،صحافی،کاروباری شخصیات اور مزدور رہنما شامل ہوتے ہیں۔ متعدد ثقافتی تبادلہ پروگراموں کے تحت پاکستانی شہریوں کو تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے امریکہ کا دورہ بھی کروایا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر انٹرنیشنل وزیٹر لیڈرشپ پروگرام (آئی وِی ایل پِی) کے تحت امریکہ کا دورہ کرنے والے موجودہ اور مستقبل کے غیر ملکی رہنماؤں کو اپنے امریکی ہم منصب افراد کے ساتھ مختصر لیکن بھرپورپیشہ ورانہ ملاقاتیں اورمشاورت کا موقعہ فراہم کیا جاتا ہے۔
ثقافتی معاملات سے متعلق بعض پروگراموں کے بارے میں مزید معلومات کے لیے درج ذیل لنکس ملاحظہ فرمائیں:
شعبہ پریس اور اطلاعات
پریس اتاشی یا انفارمیشن آفیسر سفارتخانہ کا سرکاری ترجمان اور شعبہ پریس و اطلاعات کا براہ راست نگران ہوتا ہے۔پریس آفیسرز امریکی حکومت کی پالیسیوں کے بارے میں مصدقہ معلومات فراہم کرنے کے لیے پاکستانی اخبارات اورسائل اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ قریبی رابطہ میں رہتے ہیں اور امریکی حکومت کی دلچسپی کے موضوعات پرذرائع ابلاغ کی آراء پر نظر رکھتے ہیں۔شعبہ پریس و اطلاعات سفارتخانہ کے افسروں کے ملکی و غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ساتھ انٹرویوز کا اہتمام کرتا ہے اور سفارتخانہ کے یا پاکستان کا دورہ کرنے والے امریکی حکام کی پریس بریفنگز کا انتظام کرتا ہے۔پاکستان کے عوام کی دلچسپی سے متعلق واقعات اور معاملات پر تقاریر ، پریس ریلیز، پالیسی بیانات تیار اور تقسیم کرتا ہے ۔یہ سارا مواد عام طور پر انگریزی اور پاکستان کی مقامی زبانوں بالخصوص اردو میں دستیاب ہوتا ہے۔
انفارمیشن آفیسرز سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن پلیٹ فارموں پر سفارتخانہ کی سرگرمیوں کی نگرانی بھی کرتے ہیں۔
برائے رابطہ
نکولس ہرش
پریس اتاشی \ ترجمان
سوالات کے لیے ای میل کریں:
براہ مہربانی صرف پریس سے متعلقہ معلومات کے لیے مندرجہ ذیل نمبرز پر رابطہ کریں:
051-201-4000
امریکن سینٹر
امریکی سفارتخانہ اسلام آباد میں قائم امریکن سینٹر شعبہ اُمور عامہ کا خصوصی حصہ ہے۔امریکن سینٹر کاعملہ دو زبانوں کے ماہرین پر مشتمل ہوتا ہے اور اس کو سینٹر سے رجوع کرنے والوں کو درکار معلومات فراہم کرنے کے لیے جدید اطلاعاتی ذرائع تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔
ہمارا مقصد امریکہ کی پالیسی،تاریخ، حکومت، معاشرے اور اقدار کے بارے میں مستند اور صحیح معلومات فراہم کر کے پاکستانی عوام کو امریکہ اور اُ س کی پالیسیوں کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے میں مدد دینا ہے۔امریکن سینٹر جمہوریت کی کلیدی خصوصیت یعنی معلومات تک آسان رسائی کے امریکی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
امریکن سینٹر کا عملہ پاکستان بھر میں لنکن کارنرز پروگرام کی نگرانی اور رہنمائی کی ذمہ داری بھی نبھا رہا ہے۔
آئی آر سی سے ٹیلی فون اور ای میل کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے:
امریکن سینٹر
شعبہ اُمور عامہ
امریکی سفارتخانہ
اسلام آباد، پاکستان
فون: 0092512082786
اِی میل:
شعبہ معاشی اُمور
معاشی اُمور کا شعبہ باہمی تجارت کی توسیع ، سرمایہ کاری اور علاقائی معاشی انضمام پر کام کرتا ہے۔ ہم معیشت میں جدت و اختراع، سائنس اور صحت کے شعبوں میں تبادلہ پر مشترکہ تعاون اور معاشی دھارے میں خواتین کی شمولیت بڑھانے میں پاکستان کی مدد کرتے ہیں۔ اکنامک سیکشن تجارت کے فروغ،پالیسی سازی اور اس کے علاوہ حکومتِ پاکستان اور نجی شعبہ کے ساتھ رابطہ کار کا کردار ادا کرتا ہے۔ ہم پاکستانی حکام، نجی شعبہ کے نمائندوں،کاروباری شخصیات ، کاروبار کی تربیت کےامدادی مراکز، تعلیمی اداروں اور سوِل سوسائٹی سے ملاقاتیں کرتے ہیں۔
اِکنامک سیکشن اوورسیز پرائیوٹ اِنویسٹمینٹ کارپوریشن کے ساتھ کام کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کے سلسلہ میں بھی مدد کرتا ہے ۔ یہ سیکشن اکثر امریکن بزنس کونسل آف پاکستان کے توسط سے پاکستان میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں سے مسلسل رابطہ میں رہتا ہے۔
شعبہ سیاسی اُمور
پولیٹیکل سیکشن امریکہ اور پاکستان کے درمیان سیاسی تعلقات کی مضبوطی کے لیے خدمات سرانجام دیتا ہے۔ ہم پاکستان کی داخلی سیاست اور انسانی حُقوق، خارجہ پالیسی اُمور اور امریکہ-پاکستان سلامتی کے حوالے سے اشتراک کارکے بارے میں صورتحال پر نظر رکھتے ہیں۔ ہم پاکستانی حکام، پارلیمانی نمائندوں،سیاستدانوں، تعلیمی اداروں، تھنک ٹینک، سول سوسائٹی رہنماؤں اور غیر ملکی سفارتکاروں کے ساتھ مختلف معاملات پر امریکی پالیسی کی پیروی اور متعدد امور پر باہمی تعاون بڑھانے پر کام کرتے ہیں۔
شعبہ برائے قونصلر امور
سفارتخانہ کے قونصلر شعبہ کے ذمہ دو بڑے کام ہوتے ہیں : پاکستانی اور تیسرے ملک کے شہریوں کے لیے ویزا خدمات اور امریکی شہریوں کی مدد۔ ویزا خدمات میں نان امیگرنٹ اور امیگرنٹ ویزا کے لیے درخواستوں کو نمٹانا شامل ہے۔ نان امیگرنٹ ویزا درخواستوں میں کاروبار، سیروتفریح ، حُصولِ تعلیم سمیت کسی بھی کام سے امریکہ میں عارضی قیام کے بعد پاکستان واپس آنے کا ارادہ رکھنے والے افراد شامل ہیں۔
امیگرنٹ ویزا درخواستگزاروں میں وہ جملہ افراد شامل ہیں جو امریکہ کے مستقل شہری ہونے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ درخواستوں پر عملدرآمد اور ویزا حصول کے لیے نان امیگرنٹ اور امیگرنٹ دونوں نوعیت کے ویزا درخواستگزار وں کے لیے امریکہ کے امیگریشن قوانین اور ضابطوں پر پورا اترنا لازمی ہے۔
امریکی شہریوں کے لیے دستیاب خدمات
امریکی شہریوں کے لیے خدمات میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کے پاسپورٹ کا حصول، امریکہ سے باہر شہریوں کی پیدائش و موت کے بارے میں اطلاع کی رپورٹ کی تیاری اور نوٹری سہولیات شامل ہیں۔ امریکی شہریوں کو پیش کی جانے والی دیگر خدمات میں ضرورتمند افراد کو طبی سہولیات، بیرون ملک دربدر ، قیدیوں سے ملاقات اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس زیرِ حراست افراد کی مدد شامل ہے۔
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) بین الاقوامی ترقی، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر زندگیوں کے تحفظ، غربت میں کمی، جمہوری نظم و نسق کا استحکام اور لوگوں کو امداد کے بغیرآگے بڑھنے میں مدد کے لیے ہنگامی امدادی کوششوں کی سربراہی کرتا ہے۔ یو ایس ایڈ متحرک معیشت کے حامل مستحکم، محفوظ اور باہمی برداشت والی مملکت کے خواب کی تکمیل میں مدد کرتے ہوئے خود انحصاری کی منزل کی جانب پاکستان کے ترقیاتی سفر کی حمایت کرتا ہے۔
امریکہ اور پاکستان نے ۷۰ سال سے زیادہ عرصہ مشترکہ طور پر دونوں قوموں کے لیے کلیدی اہمیت کے حامل اُمور بشمول توانائی، معاشی ترقی، خود انحصاری، تعلیم اور صحت پر کام کیا ہے۔ یو ایس ایڈ کی مبّدل شراکتداری اور ریاضت کے ساتھ ساتھ ہمارے تعمیر کردہ ادارے یو ایس ایڈ کے مختلف پروگراموں پر عمل درآمد کی تکمیل کے بعد بھی ان کے اثر کو برقرار رکھتے ہیں۔پاکستان کی حکومت، نجی شعبہ اور سول سوسائٹی کے ساتھ اشتراک یو ایس ایڈ کے ترقیاتی پروگراموں کو مقامی ترجیحات سے ہم آہنگ اور مقامی استعداد کی بحالی یقینی بناتا ہے۔ تفصیل کے لیے ملاحظہ فرمائیے:
محکمہ دفاع
دفاعی نمائندہ برائے پاکستان کا دفتر (او۔ ڈی آر۔ پی) پاک فوج کو ساز و سامان، تربیت اور تعلیم کی شکل میں دی جانے والے امریکی فوجی امداد کا انتظام و انصرام کرتا ہے۔ او۔ ڈی آر-پی پاکستان، افغانستان اور آپریشن ریزولوٹ سپورٹ کولیشن کی افواج کےد رمیان روابط میں بھی سہولت فراہم کرتا ہے۔
دفاعی اتاشی کا دفتر (ڈی اے او) پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ عسکری سطح پرتعلقات برقراررکھتا ہے اور سفیر کو فوجی اُمور پر مشاورت فراہم کرتا ہے۔ دفاعی اتاشی کا دفتر سیکرٹری دفاع، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، کمانڈنگ جنرل، یوایس سینٹرل کمانڈ اور پاکستان میں امریکی ملٹری سروسز کی نمائندگی کرتا ہے۔ دفاعی اتاشی کا عملہ امریکہ کے عسکری اسکولوں میں پاکستانی فوجی افسران کی تربیت سے متعلق فوجی تبادلہ پروگراموں کے انعقاد کے ذریعے بھی پاکستان کو معاونت فراہم کرتا ہے۔
شعبہ برائے تجارتی اُمور
پاکستان میں یو ایس کمرشل سروس کا دفتر ملک میں امریکی برآمدات کے فروغ کا ذمہ دار ہے۔ یہ امریکی کاروباری اداروں کو متعدد خدمات فراہم کر کہ پاکستانی مارکیٹ تک رسائی دیتا ہے۔ ان کا مقصد برآمدات کے بارے میں مشاورت، امریکی مصنوعات اور خدمات کاپاکستان میں فروغ اور اس کے علاوہ پاکستان میں امریکی تجارتی مفادات کی نمائندگی اور تحفظ شامل ہے۔ پاکستان کے بارے میں مزید معلومات کے لیے یہاں پر کِلک کریں۔
امریکی محکمہ زراعت
یو ایس ڈی اے کی فارن ایگریکلچر سروس (ایف ۔اے ۔ایس) کے پاس زرعی اُمور اور زراعت سے وابستہ تجارت کے دفاتر کا وہ بے مثال بین الاقوامی رابطہ نیٹ ورک موجود ہے جو برآمدکنندگان کی بیرون ملک گاہکوں سے رابطہ کاری اور بین الاقوامی زرعی منڈیوں کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرتا ہے۔ ۱۶۷ ممالک میں سرگرم ایف۔ اے ۔ایس عملی حل، امریکی زراعت کی ترقی کے مواقع میں اضافہ اور دنیا بھر میں امریکی خارجہ پالیسی پر عملدرآمد میں مدد کرتا ہے۔ ایف۔ اے ۔ایس کا اسلام آباد پاکستان میں فعال دفتر تجارتی پالیسی کی نگرانی، مصنوعات کے تجزیہ اور گلوبل ایگریکلچرل انفارمیشن نیٹ ورک (جی۔اے ۔آئی۔این) کی توسط سے رپورٹنگ، منڈی تک رسائی میں مدد، امریکی زرعی برآمد کنندگان کے لیے تکنیکی تجارتی مسائل کے تصفیہ اور سائنسی اور تجارتی تبادلہ پروگراموں کے ذریعہ پاکستانی اداروں کی استعداد میں اضافہ کا ذمہ دار ہے۔
محکمہ برائے داخلی سلامتی، نفاذِ امریکی امیگریشن اور کسٹم قوانین
ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹیگیشن (ایچ آئی ایس) کا بین الاقوامی آپریشن ڈویژن ،ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی کا سمندر پارفعال سب سے بڑی تفتیشی موجودگی ہے۔ ڈویژن کے حُکام دنیا بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بطور رابطہ کار خدمات سرانجام دیتے اور سمندر پار ایچ ایس آئی کی تفتیش کے لیےغیر ملکی سلامتی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرتے ہیں۔ ڈویژن کا اتاشی متعدد خدمات سرانجام دیتا ہے بشمول تعلقات سازی اور مجرم کے خلاف جاری تفتیش اور ملک بدری کوششوں میں مدد فراہم کرنے کے۔ اتاشی کادفتر دو طرفہ رپورٹنگ کا منفرد ڈھانچہ ہے۔ وہ ایچ ایس آئی کی قیادت کو رپورٹ کرتا ہے تاہم امریکی سفیروں کو رپورٹ کرنے کا ذمہ دار بھی ہے۔ بین الاقوامی آپریشن کا مشن تگنا ہوتا ہے۔ یہ غیر ملکی ہم منصبوں کی معاونت سے داخلی آپریشنزمیں مدد فراہم کرتا ہے، جرائم پیشہ افراد کی جانب سے افراد اور سامان امریکہ اسمگل کرنے کی کوششوں کو ناکام بناتا ہے اور رابطہ کاری اور تربیت کے ذریعے بین الاقوامی اشتراک قائم کرتا ہے۔
امریکی محکمہ توانائی
امریکی محکمہ توانائی (ڈی۔او۔ای) کا مقصد توانا ئی کے چیلنجز کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے متبادل حل کے ذریعہ امریکی سلامتی اور خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔ اس حوالہ سے ڈی۔او۔ای کا اسلام آباد میں واقع دفتر، پاکستان میں خوشحالی پر مرکوز توانائی منصوبہ بندی اور استحکام کی کوششوں کو فروغ دیتا ہے۔ یو ایس ایڈ کے ساتھ اشتراک کارِ سے ڈی ۔او۔ای آفس محکمہ توانائی، امریکی قومی لیبارٹریوں اور پاکستانی ہم منصبوں کے درمیان باہمی معاونت کی حمایت کرتا ہے۔
محکمہ خزانہ
امریکی محکمہ خزانہ معاشی ترقی اور استحکام کے لیے سازگار حالات کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی مالیاتی نظام کی سلامتی کے تحفظ کا ذمہ دار ہے۔ محکمہ خارجہ کا اتاشی برائے مالیاتی اُمور ملک میں محکمہ کے نمائندہ کے طور پر خدمات سرانجام دیتا ہے جو چیف آف مشن کو معاشی اور مالیاتی اُمور پر مشاورت فراہم کرتا ہے اور پاکستان میں مالیاتی اور معاشی اُمور سے متعلقہ کلیدی شخصیتوں کے ساتھ کام میں محکمہ کی نمائندگی کرتا ہے۔ فنانشل اتاشی اسلام آباد میں متعین ہے اور بوقت ضرورت اندرونِ ملک دورہ بھی کرتا رہتا ہے۔