امریکی قونصل جنرل لاہور کی طرف سے باصلاحیت افرادی قوت کی تیاری کے لیے انگریزی تعلیم کے پروگرام کا افتتاح

لاہور  میں متعین امریکی قونصل جنرل  ایلز بیتھ کینیڈی  ٹروڈو نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیویٹا) اور پروگرام چلانے والے  ادارے کے تعاون سے منعقدہ تقریب میں لاہور اور سیالکوٹ سے  تعلق رکھنے والے  ایک سو سے زیادہ طالبعلموں کو امریکی محکمہ خارجہ کے انگلش ورکس پرگرام میں خیر مقدم کیا۔  ٹیویٹا کے چیئرمین  عرفان قیصر شیخ نے بھی  انگریزی زبان اور  مہارت  بڑھانے   کے اس پروگرام کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

انگلش ورکس (اِی ڈبلیو) با صلاحیت  افرادی قوت کی تیاری کی منصوبہ بندی کے تحت،   دو سو چالیس  گھنٹوں پر مشتمل بھرپور تدریسی پروگرام  ہے ،جس میں ۱۷سے پچیس سال کی  عمر کے طالبعلموں کو کاروباری انگریزی  اور مہارتیں  سکھائی جاتی ہیں۔ اس پروگرام کا  بنیادی مقصد  نوجوانوں کو عملی زندگی اور کام کے حوالے سے وہ صلاحیتیں سکھانا ہے جو اُن کو روزگارمیں معاون ومددگار ثابت ہوں ۔ اس وقت  امریکی قونصل خانہ  پنجاب میں چار مقامات (سیالکوٹ، لاہور، خانیوال اور ملتان) پریہ  پروگرام چلا رہا ہے ۔  یہ پروگرام  ٹیویٹا  کی جانب سے فراہم کردہ  عمارتوں میں دو سو سے زائد طالب علموں کے لئے منعقد کیا جا رہا ہے۔   اب تک پاکستان  بھر میں ۱۴  ہزار سے زائد طلباوطالبات امریکی محکمہ خارجہ کے اعانت سے  انگریزی زبان  کی مہارت حاصل کرنے کے اس پرگرام سے مستفید ہوچکےہیں۔

قونصل جنرل نے اِس موقع پر بات کرتے ہوئے کہاکہ سرگرمیوں پر مبنی اس تعلیمی پروگرام میں با صلاحیت اور خدمت کے جذبے سے  سرشار  اساتذہ طالبعلموں  کی کاروباری اور قائدانہ صلاحیتوں کو ابھاریں گے اور ٹیکنالوجی اور ملازمت  کی تلاش سے متعلق  تربیت دیں گے ، جس  کی بدولت نوجوان پاکستانیوں کو ان کی تعلیم، کام اور زندگی میں کامیابی ملے گی۔ انہوں نے لاہور انسٹیٹیوٹ آف فیوچر ایجوکیشن (لائیف)، ٹیویٹا چیئرمین اور اُن کی ٹیم کی شرکت اور تعاون فراہم کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔

کینیڈی ٹروڈو نے طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام، آپ کی انگریزی زبان، قائدانہ اورناقدانہ سوچ کی صلاحیتیوں کو جِلا بخشنے میں مددگار ثابت ہوگا اور آپ بہترطالب علم بن پائیں گے۔ اس چھ ماہ کے پروگرام میں، آپ کو  بہت سی  معاشرتی اور کردار سازی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملے گا، جن میں سماجی خدمت سے وابستہ منصوبوں سے لے کے  مجمع میں تقریرکرنے   کی تربیتی نشستیں شامل ہیں۔  لہٰذا آپ سب، اساتذہ اور طالب علم خوشحال، قابل فخراور  پرُامن پاکستان بنانے میں اپنا اپنا حصہ ادا کریں۔