کراچی۔امریکی قونصل خانے کے زیر اہتمام انڈس ویلی اسکول آف آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر میں امریکی ہسپانوی میوزک بینڈ ’گروپو فن ٹازمہ‘ کے کانسرٹ کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں قائم مقام امریکی قونصل جنرل چاڈ پیٹرسن کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانسرٹ سے پہلے خطاب کرتے ہوئے چاڈ پیٹرسن نے کہا کہ موسیقی مختلف ثقافتوںسے تعلق رکھنے والے افراد کو قریب لانے کا ذریعہ بنتی ہے۔امریکی قونصل خانہ اس سے پہلے بھی نامور امریکی موسیقاروں کو کراچی مدعو کر چکا ہے ۔قائم مقام قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ وہ اس قسم کی موسیقی کی تقریبات سے بے انتہا مخظوظ ہوتے ہیں۔
قونصل خانے کی ثقافتی اتاشی لی پنگ لو نے کہا کہ ’گروپو فن ٹازمہ‘بینڈ امریکی سفارت خانے اسلام آبادکی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ لی پنگ لونے کہا کہ انھیں حاضرین کی جانب سے بینڈ کیزبردست حوصلہ افزائی پر بے انتہا خوشی ہوئی ہے۔
امریکی ہسپانوی میوزک بینڈ ’گروپو فن ٹازمہ‘ نو موسیقاروں پر مشتمل ہے جو امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھتے ہیں۔بینڈ نے2011میں نامور گریمی ایوارڈ حاصل کیا جبکہ ’گروپو فن ٹازمہ‘ نے مشہور امریکی ٹی وی شو ’بریکنگ بیڈ‘ کی موسیقی بھی ترتیب دی ہے۔اس کے علاوہ بینڈ نے کئی دیگر امریکی ٹی وی چینلز اور فلموں کیلیے بھی کام کیا ہے۔
امریکی حکومت کے زیر اہتمام جاری ثقافتی اور تعلیمی منصوبوں کے بارے میں مزید جاننے کیلیے وزٹ کریں:
www.eca.state.gov
