آج امریکی حکومت نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ)کے توسط سے محکمہ صحت پنجاب کو آئی ٹی وال سپرد کی جس کے ذریعے کورونا وائرس کے اعداد و شمار کا جائزہ اور کووڈ 19 کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
یو ایس ایڈ نے پاکستان کے وفاقی اور صوبائی محکمہ صحت کے ساتھ شراکت کی ہے تاکہ چاروں صوبوں کے ہیلتھ سیکرٹریٹ میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرز کو مستحکم کیا جا سکے۔ اس کے ذریعے کووڈ 19اور دیگر وبائی امراض سے متعلق حکومت پاکستان کے اقدامات کو تقویت ملے گی۔ پنجاب کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر مستقبل میں فیصلہ سازی کے ساتھ ساتھ صحت عامہ کے دیگر خطرات کی بھی نگرانی کرے گا۔
پنجاب کے سکریٹری برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن(ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس، اور یو ایس ایڈ کے صوبائی ڈائریکٹر برائے پنجاب کیون شارپ نے آئی ٹی وال کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
یو ایس ایڈ کے صوبائی ڈائریکٹر برائے پنجاب کیون شارپ نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر وبائی امراض کی روک تھام، ان کی تشخیص اور نگرانی کے حوالے سے حکمت عملی اور پالیسی کے سطح پر رہنمائی فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد کووڈ19 کاسد باب، صوبے میں صحت کی بنیادی خدمات کی فراہمی اور انسانی زندگیوں کو بچانا ہے۔
یو ایس ایڈ کی حکومت پنجاب کے ساتھ شراکت میں صوبہ میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لئےتمام 36 اضلاع میں بیماریوں کی نگرانی کے یونٹوں کا قیام، کوویڈ19کے لئے نگرانی، شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے 1200 اہلکاروں کی تربیت اورانفیکشن کی روک تھام شامل ہے۔