امریکی قونصل جنرل نے حیدرآباد میں لاہوتی میلے کا افتتاح کیا

 حیدرآباد: امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن اور سندھ کے وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے حیدرآباد میں دوسرے سالانہ دو روزہ لاہوتی میلے کا افتتاح کیا جس کا انعقاد موسیقار سیف سمیجو کی جانب سے کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد، دیگر اعلیٰ حکام اور علاقہ معززین نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گریس شیلٹن نے کہا کہ ’’لاہوتی میلے جیسے ایونٹ یہ ثابت کرتے ہیں کہ موسیقی اور فنون لطیفہ کی طاقت  کس طرح ثقافتی شناخت کے فروغ اور سماجی ہم آہنگی کا ذریعہ بن سکتی ہے، اسی وجہ سے ہم بہت خوش ہیں کہ امریکی قونصلیٹ اس سال کے میلے کو اسپانسر کرنے والوں میں سے ایک ہے۔‘‘

میلے کو اسپانسر کرنے کے علاوہ امریکی قونصلیٹ کی جانب سے میلے میں ایک اسٹال بھی لگایا گیا ہے جہاں شرکا کو امریکی حکومت کے تعاون اور مدد سے چلنے والے ثقافتی اور تعلیمی پروگراموں کے متعلق آگاہی دی جارہی ہے اور کراچی کے امریکی قونصلیٹ میں تعینات سفارت کار ورچوئل سیشن کے ذریعے امریکا میں موسیقی کی روایات اور لوک موسیقی کے آلات کے متعلق معلومات فراہم کررہے ہیں۔

اس سال کے لاہوتی میلے میں امریکی میوزک بینڈ ’’ دی ڈلاس براؤن بینڈ‘‘ اور گٹارسٹ اینڈریو ڈیوڈ ٹٹمارک اور بین ریکٹر بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

میلے کے افتتاح سے قبل امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے بھٹ شاہ میں شال عبداللطیف بھاٹی کے مزار کا دورہ کیا اور وہاں رہنے والے فقیروں سے موسیقی کے ساتھ صوفیانہ کلام سنا۔ قونصل جنرل گریس شیلٹن کا کہنا تھا کہ ’’ شاہ عبداللطیف بھٹائی خداداد صلاحیتوں کے حامل شاعر اور موسیقار تھے جن کے کام نے دنیا کو سندھی زبان کی مٹھاس اور خوبصورتی اور سندھ کی ثقافت سے روشناس کرایا۔‘‘