کراچی: امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر سندھ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، بیکن ہاؤس اور سکھر آئی بی اے اور انڈس ریسورس سینٹر کے درمیان سکھر اور خیرپور کے اضلاع میں پانچ نئے اسکولوں کی تعمیر اور ان کا انتظام چلانے کے لیے معاہدوں پر دستخط ہوئے . سندھ بنیادی تعلیم پروگرام میں شامل یہ پانچ اسکول، کراچی اور شمالی سندھ میں 106 اسکولوں کی جدید عمارتوں کی تعمیر نو کے پرگروام کا حصہ ہیں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں یو ایس ایڈ(USAID) کے صوبائی ڈائریکٹر ڈینائز ہربول، وزیرتعلیم سندھ جام مہتاب ڈہر اور سیکریٹری ایجوکیشن فیض اللہ پیچوہو بھی شریک تھے۔
امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو سندھ حکومت کے اس مثبت اقدام میں شراکت پر فخر ہے، سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام سے تعلیمی معیار بلند ہوگا اور طلبہ خصوصا لڑکیوں کے لیے حصول تعلیم کے مواقع میں اضافہ ہوگا، سندھ کے وہ بچے جو مفت تعلیم حاصل کریں گے اور اگلی نسل کے انجینیئر، ڈاکٹر، استاد اور بزنس مین ہوں گے۔
سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (SBEP) کے لیے امریکی حکومت ساڑھے پندرہ کروڑ ڈالر امداد فراہم کررہی ہے، اس پروگرام کے ذریعے سندھ کے مخصوص علاقوں میں بچوں کے پرائمری، مڈل اور سیکنڈری اسکولوں میں داخلوں کی شرح بڑھائی جائے گی۔ سندھ اس سلسلے میں سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت کا نفاذ کرنے والا پہلا صوبہ ہے، پروگرام کے تحت نجی شعبے کی تنظیموں سے سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر بنانے اور طلبہ کی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے رعایتی شرائط پر دس سالہ مدت کے معاہدے کیے جارہے ہیں۔
ایس بی ای پی اور دیگر پروگراموں کے بارے میں مزید معلومات کے لیے ہماری ویب سائٹ ملاحظہ کیجیے۔
www.pk.usembassy.gov
###