اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانہ نے فائونڈیشن فار آرٹس، کلچر اینڈ ایجوکیشن (فیس) کے ساتھ ملکر چھ پاکستانی میوزک گروپوں کی ٹیکساس، آسٹن میں ہونے والے سائوتھ بائی سائوتھ ویسٹ موسیقی میلہ ۲۰۱۵ میں شرکت کے لئے معاونت فراہم کی ہے۔ موسیقی کے یہ گروپ ایک ہفتےکے دوران اپنے فن کا مظاہرہ کرکے امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ موسیقی کے یہ گروپ پاکستانی موسیقی کی مختلف جہتوں کی نمائندگی کرتے ہیں جن میں روایتی منگنیار موسیقار مائی دھائی، پاپ موسیقار ہارون، فوک موسیقار سائین تنویر برادران اور خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے انسٹرومنٹ گروپ خماریاں شامل ہیں۔ ان موسیقاروں کے علاوہ صوفی روک میکال حسن بینڈ اور انڈی فوک بینڈ پور رچ بوائے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
آسٹن میں قیام کے دوران یہ موسیقار گروپ ۱۸ مارچ کو ‘‘دی ڈرسکل’’ میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے سب سے پہلے میوزک شو کیس کی نمائندگی کریں گے۔ پاکستانی شوکیس کے ارکان آسٹن میں یونیورسٹی آف ٹیکساس جو نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس، کراچی کی شراکتدار جامعہ ہے، گلوبل آئی فیسٹ اسپیک ایزی، دی انٹرنیشنل ڈے اسٹیج اور نیٹ جیو اور پام ڈور میں بیلکونی ٹی وی شو کیس میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ موسیقار گروپ امریکی محکمہ خارجہ کے دوستی میوزک پروجیکٹ کے شرکا کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے، اس منصوبے کے تحت باصلاحیت پاکستانی، بھارتی اور امریکی موسیقاروں کو ایک مشترکہ میوزیکل پرفارمنس کے ذریعے ایک جگہ جمع کیا گیا ہے۔ سائوتھ بائی سائوتھ ویسٹ موسیقی میلے میں پاکستانی شو کیس کے علاوہ امریکی سفارتخانہ پاکستان میں سال بھر بصری اور پرفارمنگ آرٹس پروگراموں کی معاونت کرتا ہے۔
سائوتھ بائی سائوتھ ویسٹ شو کیس میں پاکستانی موسیقی کی مختلف آوازیں دنیا کے معروف موسیقی میلوں میں متعارف ہوں گی جس سے امریکی شائقین کو پاکستان کی ثقافت اور روایت کو بہتر انداز میں سمجھتے کا غیر معمولی موقع ملے گا۔ سائوتھ بائی سائوتھ ویسٹ میوزک کانفرنس اور موسیقی میلہ سال ۱۹۸۷ ء سے ہر سال آسٹن، ٹیکساس میں منعقد کیا جاتا ہے جو دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا موسیقی میلہ ہے، اس میں شرکت کے لئے ہر سال ۵۱ ہزار رجسٹرڈ افراد ہر مارچ میں آسٹن آتے ہیں۔ سائوتھ بائی سائوتھ ویسٹ کا مقصد ایک ایسی سرگرمی ہے جو تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد اور ایسی کمپنیوں جہاں تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد کام کرتے ہیں، کو موسیقی، فلم اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق خیالات کے تبادلہ کا موقع فراہم کرتی ہے۔
سائوتھ بائی سائوتھ ویسٹ میں پاکستانی شرکت کے بارے میں مزید معلومات کے لئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔
http://www.rockpaperscissors.biz/artists/8421
دوستی میوزک پروجیکٹ کے بارے میں معلومات کے لئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔