اسلام آباد ( ۴ ِ اپریل، ۲۰۱۹ ء ) __ امریکہ کے ۲۴۳ ویں یوم آزادی کا جشن منانے کے لیے امریکی سفارتخانہ اسلام آباد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی حکام، کاروباری برادری ، سول سوسائٹی سمیت دیگر معروف شخصیات اور دوست احباب نے شرکت کی اور موسیقی، روایتی امریکی کھانوں اور مصنوعی آتشبازی کے مظاہرہ سے لطف اندوز ہوئے۔ خصوصی شام کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان تھے۔ "نئی سوچ کی تخلیق” کے عنوان سے ہونے والی تقریب میں تقاریر، تصاویراور وڈیو کے ذریعہ پاک امریکہ دوستی کی باہمی اقدار اور مشترکہ مقاصد کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
قائم مقا م سفیر پال جونز نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے تقریب کے موضوع کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس یوم آزادی کو منانے کے لیئے "بلڈنگ اے ویژن” کے نصب العین کے انتخاب کا مقصد تاریخ کی وہ کہانی بیان کرنا ہے کہ ہمارے دونوں عظیم ملکوں نے اپنی اپنی قومیں، دارالحکومت ، سفارتخانے اور تعلقات قائم کرنے کے لیئے کس انداز میں جدوجہد کی ۔ اس کہانی سے دونوں قوموں کے بنیادی اصولوں سے لے کر ایک دوسرے کے دارالحکومتوں میں سفارتخانے بنانے پر خاصی سرمایہ کاری کا موازنہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کو امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی نئی اور خوبصورت عمارت پرفخر ہے ۔ دنیا میں بڑے امریکی سفارتخانوں میں سے ایک یہ عمارت اس قدروقیمت اور وابستگی کی مظہر ہے جو ہم دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو دیتے ہیں۔
تقریب میں امریکی میرین کور کے ایک دستے نے مارچ کرتے ہوئے قومی پرچم کو سلامی دی اور فنکاروں نے امریکہ اور پاکستان کے قومی ترانے بھی گائے ۔ رسمی کارروائی کے بعد مہمان چار جولائی کی خوشیوں میں شامل ہوگئے اور ان پکوانوں سے لطف اندوز ہوئے جو امریکہ کے لوگ عام طور پر اپنے یوم آزادی پر تیار کرتے ہیں۔ تقریب کی خصوصی تفریح کے طور پر دوحہ سے آئے ہوئے یوایس ایئر فورس سینٹرل کمانڈکے بینڈ "ڈراپ زون” نے کلاسیکی ،جدید موسیقی ، راک اینڈ رول ، لوک اور پاپ میوزک کے سُر بکھیر کر شرکاء کو محظوظ کیا