لاہور ، 7 اکتوبر ، 2021-لاہور میں امریکی قونصل جنرل ولیم مکینیولے نے پاکستان میں جدید ترین لنکن کارنر کا افتتاح کیا جو کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وہاڑی کیمپس میں واقع ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے لنکن کارنر کی افتتاحی تقریب کے لیے مسٹر مکینیولےکا خیر مقدم کیا۔
لنکن کارنرز امریکی مشن اور پاکستان میں منتخب اداروں کے درمیان ایک شراکت داری ہے۔ یونیورسٹیوں ، پبلک لائبریریوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے اندر واقع ، لنکن کارنرز امریکہ کے بارے میں معلومات، انگریزی زبان سیکھنے کے مواقع ، بیرون ملک مطالعہ اور تعلیم حاصل کرنے کے مشورے، ثقافتی پروگرام اور سابق طلباء کی سرگرمیوں کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ یہ جگہیں کھلی بات چیت کو فروغ دیتی ہیں اور پاکستانی اور امریکی عوام کے درمیان تعلق بناتی ہیں۔ لنکن کارنر آنے والے افراد وائی فائی، کتابوں ، رسائل ، ویڈیوز ، انٹرنیٹ ڈیٹا بیس اور عوام کے لیے پروگراموں کے ذریعے امریکہ کے بارے میں معلومات تک مفت رسائی حاصل کرتے ہیں۔
"ہمارا مقصد اپنے ملک کے تنوع کے بارے میں معلومات کا اشتراک کرنا ہے۔ تنوع ہماری طاقت ہے اور ہماری قوم کی دولت کو ظاہر کرتا ہے۔ ہم پاکستان کے ساتھ اپنی پائیدار شراکت داری لوگوں کو دیکھانا چاہتے ہیں ، خاص طور پر تعلیم کو فروغ دینے کیلئے ہماری حمایت اور خیالات کے متحرک تبادلے میں ،” لاہور کیمپس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے مسٹر مکینیولے نے کہا۔
وہاڑی لنکن کارنر کے کھلنے کے بعد اب پاکستان میں 18 لنکن کارنر ہیں۔ لنکن کارنر وہاڑی پاکستانی اور امریکی ماہرین کی طرف سے انٹرپرینیورشپ ، جدت ، شمولیت ، ویمن اسٹڈیز اور امریکی مطالعات میں پیشہ وارانہ تربیت اور قیادت کے بہترین مواقع دیتا ہے. اس کے علاوہ پاکستان اور امریکہ کے لیے باہمی دلچسپی کے موضوعات پر گفتگو کے لیے جگہ فراہم کرے گا۔
امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور پنجاب میں پانچ لنکن کارنرز کی چلاتا ہے۔ وہاڑی کے علاوہ لاہور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں کارنر ہے، فیصل آباد ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں، سرگودھا ، سرگودھا یونیورسٹی میں اور ملتان ، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں لنکن کارنرس واقع ہیں. مکینیولے نے تقریب کے اختتام میں کہا کہ ” یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے ساتھ شراکت سے اسے نئے لنکن کارنر کو پاکستان قائم کرنا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔”
####