سفیر ڈیوڈ ہیل کی جانب سے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں امریکی تعاون کا اعادہ

American Ambassador David Hale participated in a seminar on the energy and power sector in Pakistan on March 5, 2018.

اسلا م آباد   (۵مارچ،  ۲۰۱۸ء) __   اسلام آباد میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے آج  اسلام آبادمیں ایک میڈیا گروپ کے زیر اہتمام  پاکستان میں توانائی اور بجلی کے شعبے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں شرکت کی۔   وفاقی وزیر برائے بجلی  اویس احمد خان لغاری اور چین، جرمنی اور ترکی کے سفیروں نے بھی  ‘پاک پاور: ترقی اور آگے کا لائحہ عمل’ کے موضوع  پر اس سیمینار میں حصہ لیا۔

پینل مباحثے کے دوران ، سفیر ہیل نے  زور دیا کہ  امریکہ ۱۹۵۰ ءکی دہائی سے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں تعاون میں مصروف عمل ہے۔  انہوں نے کہا  کہ  امریکہ کو فخر ہے کہ پچھلے ۷۰ برسوں میں اس نے  توانائی کے شعبہ میں پاکستان  کی اتنی مدد کی ہے کہ  وہ اپنے  ہر  چھٹے شہری کو بجلی میسر کر  سکے۔سفیر ہیل نے کہا  کہ امریکہ پاکستانی حکام کے ساتھ پالیسی سازی میں   اچھے نظم و نسق  اور بہترین  اقدامات کو شامل کرنے پر کام کر رہا  ہے۔  انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو   امریکی محکمہ توانائی کے اعلیٰ سطحی عہدیداروں اور ماہرین  اور جامع توانائی  منصوبے تک رسائی فراہم کی ہے۔سفیر ہیل نےاس امید کا  اظہار کیا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان کے توانائی شعبے میں  شمولیت اور  مسابقت کے لئے شرکت کریں گی۔