امریکی سفارتخانہ کی مدد سے کومپ ٹیا کمپنی کی پاکستان آمد ، آئی ٹی میں ترقی کے مواقع میں وسعت

اسلام آباد ( ۲۷  اَپریل ۲۰۲۱)۔۔ پاکستان میں آئی ٹی سے منسلک  پیشہ ور افراد کو جلد انفارمیشن  اور کمیونیکیشن  ٹیکنالوجی ( آئی سی ٹی) شعبہ میں   اپنی  معلومات  میں اضافہ اور مہارتوں کوبہتربنانے کا موقع میسر آئے گا۔یہ اشتراک کار امریکی  سفارتخانہ کے  بیرونی تجارتی خدمات شعبہ  فارن کمرشل سروس کی  اعانت  سے  ممکن ہواہےاور شکاگو، ایلی نوئے  میں قائم  کمپنی کومپ ٹیا اور پاکستان میں اُس کی  خدمات کی شراکت دار  کراچی میں قائم کمپنی ٹیکٹکس کے درمیان  طے پایا ہے۔

ٹیکنالوجی کی  صنعت اور افرادی قوت کے حوالے سے کومپ ٹیا انکارپوریٹڈ  آئی ٹی سیکٹر کا معروف نام ہے ،جو انفارمیشن کمیونیکشن ٹیکنالوجی  میں پیشہ ور انہ تربیت  کی تنظیم  ہونے کے ساتھ ساتھ  عالمی انفارمیشن  سرشتہ کی ترویج و اشاعت کی علمبردارہے ۔

طے پانے والے  اشتراک کار کے تحت دفتری اُمور کی تعلیم و تربیت کی تسلیم شدہ  سند  جاری کرنے والا ادارہ ٹیکٹکس انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبےسے منسلک پیشہ ور افراد  کو بین الاقوامی  سطح پر  مستند  تعلیم اور تربیت  کے مواقع تک رسائی فراہم کرے گا۔

مذکورہ شراکت کا اعلان بارہ اپریل کو امریکن پاکستان بزنس ڈیویلپمنٹ فورم  کی سیکریٹری جنرل   ناصر وجاہت  کی زیر میزبانی  منعقد ہونے والی  ورچوئل تقریب میں  کیا گیا تھا، جس میں  متعلقہ صنعت  کے نامور ماہرین نے  بھی  شرکت کی تھی ۔  تقریب کے دوران  امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے فارن  کمرشل قونصلر  جان کورناڈو  نے کہا کہ   اِن پروگراموں کے آغاز سے پاکستان کے آئی ٹی   ماہرین کو   معاونت  میسر آئے گی  اور ساتھ ساتھ   بین الاقوامی تجارتی منڈی میں  کاروباری وسعت کے لیے کوششوں میں مصروف عمل  مقامی  آئی ٹی کمپنیوں کی مسابقتی استعداد میں بھی اضافہ ہوگا، مزید برآں اُن کے لیے  پاکستان کے سب سے بڑے  تجارتی شراکت دار  امریکہ  کے ساتھ کاروبار کو وسعت دینے کے  لیے مزید راہیں کھلیں گی۔ اس موقع پر ٹیکٹکس کے  سربراہ  سمیر شمسی نے اعلان کیا کہ  پروگرام کے تحت پہلی تربیتی نشست رواں سال  جولائی میں شروع ہوگی۔