۱۱یئم ، ۲۰۱۵ء
اسلام آباد (۱۱مئی ، ۲۰۱۵ء)__ اسلام آباد میں واقع امریکی سفارتخانہ اور پاکستان اسپیشل اولمپکس نے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں جولائی میں لاس اینجلس میں ہونے والے اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں، کوچز اور امدادی عملےکیلئے ایک تعارفی تقریب کا انعقاد کیا۔ یہ تقریب دنیا بھر میں معذور افراد کے حقوق کو فروغ دینے کیلئے کوشاں امریکی محکمہ خارجہ کے انکلوژن ڈپلومیسی آؤٹ ریچ کا حصہ ہے۔ امریکی اہلکاروں نے پاک-امریکہ ایلومینائی نیٹ ورک کے رضاکاروں کےہمراہ پاکستانی کھلاڑیوں کو اس مقابلے کیلئے تیار کرنے کی غرض سے پاکستان اسپیشل اولمپکس کی باسکٹ بال، فٹ بال، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کی ٹیموں کے ساتھ دوستانہ میچوں میں شرکت کی۔
پاکستان سے ایک ۸۵ رکنی دستہ اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمزمیں شرکت کرے گا جو ذہنی طور پر معذور افراد کی مہارتوں اور کارناموں کو اجاگر کرنے کیلئے دنیا میں کھیلوں کا سب سے بڑامقابلہ ہے۔ شرکاءمختلف مقابلوں میں حصہ لینگے جن میں پانی میں کھیلے جانیوالے کھیل،بیڈمنٹن، سائیکلنگ، فٹبال، باسکٹ بال ،پاور لفٹنگ، ٹینس اور ٹیبل ٹینس شامل ہیں۔ اسپیشل اولمپکس کا آغاز ۱۹۵۰ء کی دہائی میں اس وقت ہوا جب صدر جان ایف کینیڈی کی ہمشیرہ یونیس کینیڈی شریورنے ذہنی طور پر معذور نوجوانوں کیلئے سمر ڈے کیمپ کا اہتمام کیا۔ معذور افراد کیلئے مساوی مواقع کیلئے کینیڈی شریورکا نظریہ اور ان کی جدوجہد انجام کار اسپیشل اولمپکس تحریک پر منتج ہوئی۔
اس وقت اولمپک طرز کی ۳۲ انفرادی اور اجتماعی کھیلیں ذہنی طور پر معذور افراد کو بامعنی تربیت اور مقابلے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔ ان کھیلوں کا ایک اہم جزو اسپیشل اولمپکس یونیفائڈ اسپورٹس ہے جو ایسے خصوصی مقابلے ہیں جن میں صحتمند اور ذہنی معذور افراد لگی بندی روایتوں کو توڑنے، دوستیاں قائم کرنے اور ایک دوسرے کو سمجھنے کی راہ ہموار کرنے کی غرض سے ایک ہی ٹیم میں کھیلتے ہیں۔
سال ۲۰۱۵ء معذور امریکیوں کیلئے قانون کی ۲۵ویں سالگرہ بھی ہے۔ یہ شہریوں کے حقوق کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا قانون ہےجو عوامی زندگی کے تمام شعبوں، بشمول ملازمتوں، اسکولوں، ذرائع آمد ورفت اور عوام کیلئے کھلے ہوئے سرکاری و نجی مقامات پر معذور لوگوں کے خلاف امتیازی سلوک سے روکتا ہے۔ پاکستان اسپیشل اولمپکس کا وفد امریکہ میں پاکستانی ثقافت اور معاشرے کے سفیروں کا کردار اداکرتے ہوئے اس امر کا براہ راست علم حاصل کرے گا کہ معذور امریکیوں کیلئے بنائے گئے قانون نے امریکی ثقافت اور معاشرے کو کس طرح تبدیل کیا ہے۔
اسپیشل اولمپکس سے متعلق مزید معلومات کیلئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں:
http://www.specialolympics.org/.
معذور افراد کیلئے امریکی محکمہ خارجہ کے آؤٹ ریچ پروگرام کے بارے میں مزید جاننے کیلئے درج ذیل رابطے استعمال کریں:
http://www.state.gov/j/drl/sadr/, @IntDisability (Twitter), or SAHeumann (Facebook)