امریکی سفیر کے فنڈ برائے ثقافتی تحفظ کی ۱۴ سالہ کارکردگی سے متعلق کتاب کی تقریب رونمائی اور تصویری نمائش کا انعقاد

۱۷جون ، ۲۰۱۵ء

اسلام آباد (۱۷جون ، ۲۰۱۵ء)__ پاکستان میں متعین امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے ورثہ فاؤنڈیشن کی ڈاکٹر یاسمین لاری اور سی ای او سرینا ہوٹل عزیز بولانی کے ہمراہ ہوٹل سیرینا میں ست رنگ گیلری میں امریکی سفیر کے فنڈ برائے ثقافتی تحفظ سے متعلق ایک کتاب کی تقریب رونمائی اور تصویری نمائش میں فنکاروں، ماہرین تعمیرات وآثارقدیمہ اور طلبہ کا خیر مقدم کیا۔ اس تقریب کا اہتمام پاکستان میں ثقافت ورثہ کو محفوظ بنانے کے شعبے میں ۱۴ سالہ امریکہ۔ پاکستان تعاون کی خوشی میں کیا گیا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ کتاب اور تصویری نمائش میں پاکستان بھر میں آنے والی نسلوں کے لئے ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے ۱۸ اہم منصوبوں کو دستاویزی شکل میں پیش کیا گیا ہے جس سے پاکستان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے دونوں ملکوں کے درمیان ۱۴ سال کے عرصے پر محیط عزم کا اعادہ ہوتا ہے۔ امریکی سفیر نے پاکستان جیسے ثقافتی اور مذہبی لحاظ سے متنوع ممالک میں ثقافتی ورثے کی ستائش کی اہمیت بھی زور دیا۔

"دی ایمبیسیڈرز فنڈ فار کلچرل پریزرویشن: پاکستان” کے عنوان سے جاری ہونے والی اس کتاب اور تصویری نمائش میں ٹیکسلا کے سب سے پہلے منصوبے سے لیکر سندھ کے مکلی قبرستان کے تازہ ترین منصوبے سمیت پاکستان میں ثقافتی ورثے کے تحفظ اور بحالی کے ۱۸ منصوبوں کی تصاویر پیش کی گئیں۔ تصویری نمائش عوام کے لئے اتوار ۲۸ جون، ۲۰۱۵ء تک کھلی رہے گی۔

۲۰۰۱ء سے اب تک امریکی سفیر کے فنڈ برائے ثقافتی تحفظ کے تحت ۱۲۵ سے زائد ممالک میں ثقافتی ورثہ قرار پانے والے مقامات کے تحفظ اور بحالی کے لئے معاونت کی گئی ہے۔

پاکستان میں امریکی حکومت کے تعلیمی اور ثقافتی پروگراموں کے بارے میں مزید جاننے کے لئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔

http://islamabad.usembassy.gov/