۱۸جون ، ۲۰۱۵ء
اسلام آباد (۱۸جون ، ۲۰۱۵ء)__ یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام کے تحت امریکہ میں ایک تعلیمی سال مکمل کر کے وطن واپس آنے والے ۱۰۸ اسکالرز کا امریکی ڈپٹی چیف آف مشن تھامس ویلیمز کی جانب سےخیر مقدم کیا گیا۔
امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن تھامس ولیمزنے عوامی سطح پر پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط اور براہ راست تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور پاکستان مل کر اپنی عظیم اقوام کے لیے ایک محفوظ اور ترقی یافتہ مستقبل کے لیے کام کر رہے ہیں اور بطور یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی ایلومینائی آپ بھی اس کا حصہ ہیں ۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ میں چاہوں گا کہ آپ ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ رکھیں اور اپنا وقت حصول تعلیم کے لیے صرف کریں مگر اس کے ساتھ ساتھ اپنے معاشرے اور ملک کو بہتر بنانے کے لیے بھی خوب تگ و دو کریں۔
امریکی حکومت کی اعانت سے ۱۵ سے ۱۷ سال کی عمر کے پاکستانی طلبہ امریکی میزبان گھرانوں کیساتھ رہ کر امریکہ کے ہائی اسکولز میں ایک سال تک تعلیم حاصل کرتے ہیں ۔ اس پروگرام کے تحت امریکہ جانیوالا یہ گروپ پاکستانی طالب علموں کا بارھواں دستہ تھا۔
۲۰۰۳ سے اب تک ۴۰ ممالک کے تقریبا ۷۷۰۰ نوجوان یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں۔ اس عرصے کے دوران پاکستان سے ۹۰۰ سے زائد طالب علم یوتھ ایکسچینج اینڈا سٹڈی پروگرام میں شرکت کر چکے ہیں جو دنیا بھر کے یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی شرکا کا ۱۰ فیصد سے زائدبنتا ہے۔
امریکہ میں اس تعلیمی سال کے دوران ان طالب علموں نے امریکی طلبا کے ہمراہ کلاسز اور لیبز میں شرکت کرنے کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی شرکت کی۔ امریکی ثقافت سے بہتر آگاہی کے لیے ان نوجوانوں نے کمیونٹی سروس،یوتھ لیڈر شپ ٹریننگ ، شہری تعلیم کے پروگرام اور کھیلوں میں بھی شرکت کی۔ اپنے اپنے اداروں ، اسکولز اور میزبان کمیونٹیز کو پاکستانی ثقافت پر پر یز نٹیشن دیتے یہ طلبہ پاکستان کے ثقافتی سفیروں کا کردار نبھا رہے تھے۔
جس وقت ڈپٹی چیف آف مشن نے واپس آنے والے ایلومینا ئی کا استقبال کیا اس وقت ۱۰۸ پاکستانی طلبہ کا ایک اور گروپ تعلیمی سال ۲۰۱۵ء اور ۲۰۱۶ء میں شرکت کے لیے امریکہ روانگی کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
اس تعلیمی موقع بشمول درخواست کے طریقہ کار اور یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی ایلومینائی کے بارےمیں مزید جاننے کے لیے وزٹ کریں
http://www.iearnpk.org/yespk.htm
انٹرنیشنل ایجوکیشن اینڈ ریسورس نیٹ ورک ، پاکستان یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام کے مقامی منتظم کار ہیں ۔