سفیر رچرڈ اولسن کااسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی نئی عمارت کا افتتاح

اسلام آباد (۳۱ جولائی، ۲۰۱۵ء)__ پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ جی اولسن نےگز شتہ روز ایک تقریب میں ڈپلومیٹک انکلیو اسلام آباد میں واقع امریکی سفارتخانے کی نئی عمارت کا با ضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر پاکستانی حکومتی شخصیات اور مختلف ممالک کے سفیروں کی ایک کثیر تعدادبھی ان کے ہمراہ موجود تھی۔ پاکستان اور افغانستان کے لئےامریکی نمائندہ خصوصی ڈینیئل فیلڈ مین اور ا سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اوور سیز بلڈنگ آپریشنز کے ڈائریکٹر کیسے جان واشنگٹن سےخاص طور پر اس تقریب میں شریک ہونے کے لیے پاکستان آئے۔

اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ آج جب ہم امریکی سفارتخانے کی اس نئی عمارت کا افتتاح کر رہے ہیں تو ہمیں پھر سے یہ عزم بھی کرنا ہو گا کہ ہم امن اور دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ یہ عما رت& ایک ایسا مقام ہے جہاں پاکستانی اور امریکی مل کر دونوں ملکوں کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

اس عمارت پر تعمیراتی کام کا آغاز ۲۰۱۱ ء میں ہوا اس مقصد کے لیے متعد د پاکستانی ماہرین اور عملے کی مہارت سے استفادہ کیا گیا۔ اس پراجیکٹ کی تکمیل میں تعمیراتی سامان کی خریداری کے ذریعے جس میں لوہا ، سیمنٹ ، بجری ، پتھر ، ریت اور ٹائل شامل ہیں ،پاکستانی معیشت میں پچاسی ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔ نئی عمارت کی تعمیر میں ماحول کے تحفظ والے عوامل کا خاص خیال رکھاگیا ہے با لخصوص& شمسی توانائی، بجلی کی بچت والی لائٹس ، درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کے لیے سن شیڈز کا استعمال کیا گیا ہے۔ استعمال شدہ پانی کو دوبارہ زرعی مقاصد کے قابل استعمال بنانے کے لیے عمارت میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر بھی کی گئی ہے۔ زمینی کٹاؤ سے بچنے اور قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے مقامی پاکستانی پودے لگائے گئے ہیں ۔

پاکستان میں امریکی سفارتخانہ دنیا بھر میں موجود امریکی سفارتخانوں میں پہلی عمارت ہے جو معذوری کے شکار افراد کے لیے بنائے گئے امریکی قانون کے عین مطابق ہے ۔ معذوری کے شکار افراد کے امریکی قانون کو اس سال پچیس برس مکمل ہو جائیں گے یہ قانون شہری حقوق پر قانون سازی کی ایک جامع دستاویز ہے جو معذور افراد کے ساتھ کسی بھی قسم کے امتیاز کی ممانعت کرتا ہے اور ان افراد کوہر طرح کی ملازمت اورحکومتی امور میں شرکت کو یقینی بنانے میں مدد کرتا ہے۔

###