اسلام آباد (۰۴اگست ، ۲۰۱۷ء)__ امریکی سفارتخانے کی قائم مقام نائب سفیرکرسٹینا ٹوملنسن نے پاکستان امریکہ ایلومنائی نیٹ ورک (پوان) کےزیر اہتمام بین الاقوامی پیس بلڈنگ کانفرنس ۲۰۱۷ ء کا افتتاح کیا جہاں تبادلے کے امریکی تبادلہ پروگراموں میں شریک دو سو سےزیادہ طلبا ء و طا لبات بین الاقوامی امن کی کوششوں میں عوام کی شمولیت پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کانفرنس میں "پوان” کے ساتھ افغانستان ، بنگلہ دیش ، انڈونیشیا، نیپال اور ترکی میں تبادلے کے امریکی پروگرام میں حصہ لینے والے بھی شریک ہیں ۔ امریکی سفارتخانے کے تعاون سےمنعقدہ پوان کانفرنس میں نوجوانوں کی شمولیت ، جدید ذرائع ابلاغ، شہری سفارتکاری کے ذریعے امن کے فروغ سمیت مختلف موضوعات پر مباحثے شامل ہے۔
کرسٹینا ٹوملنسن نے امن و امان کے فروغ اور نوجوانوں کی شمولیت سے منسلک شعبوں میں مہارت پر پوان ممبران اور کانفرنس کے دیگر شرکاء کی تعریف کی۔
کرسٹینا ٹوملنسن نے کہا کہ امن و امان کا فروغ آپ کے اپنے لوگوں سے شروع ہوتا ہے۔ اور ایک استاد، طالبعلم ، صحافی ، کارکن ، فنکار، حکومتی نمائندہ اور مذہبی قائد کی حیثیت سے آپ سب متنوع تجربات اور مہارتوں کے ساتھ اکٹھے ہوئے ہیں ۔ اس کانفرنس میں آپ کو موقع ملے گا کہ آپ اپنی کمیونٹیو ں کو مضبوط بنانے کے لیے دوسروں کے خیالات سنیں اورعملی تجاویز کے بارے میں تبادلہ خیال کریں ۔
پوان امریکی حکومت کے تعاون سے تبادلے کے پروگرام میں شریک طلباء اور ماہرین کا ایلومینائی نیٹ ورک ہے۔ امریکی حکومت پاکستانی شہریوں کے امریکہ میں سفر اور تعلیم کی غرض سے تبادلے کے پروگراموں میں سالانہ چالیس ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرتی ہے۔ پوان پاکستان بھر میں بائیس ہزار ممبران کے ساتھ دنیا کے بڑے ایلومنائی نیٹ ورکس میں سے ایک ہے۔
پوان باقاعدگی کے ساتھ پاکستان کے مختلف علاقوں میں سماجی خدمات ، قائدانہ صلاحیتوں کی تربیت، گول میز مباحثوں اور مقامی لوگوں کی شمولیت سے متعلق سرگرمیوں کا انعقاد کرتا ہے۔ پوان اور کانفرنس کے متعلق مزید جاننے کے لیے ٹوٹئر پر ہمیں فالو کیجئے یا وزٹ کیجیے :
www.pakusalumninetwork.com یا , http://www.facebook.com/pakalumni