اسلام آباد (۲۰ اگست ، ۲۰۱۵ء) – پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے اسلام آباد میں پریسٹن یونیورسٹی میں اپنے اعزاز میں ہونے والی ایک الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں پاک امریکہ اشتراک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس تقریب کا انعقاد آرکیالوجیکل اینڈ ہسٹوریکل ایسوسی ایشن آف پاکستان اور پریسٹن یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر کیا تھا، جس میں پاکستانی حکومت کے سینئر حکام بشمول انسانی حقوق کے قومی کمیشن کے چیئرمین علی نواز چوہان، سول سوسائٹی کے نمائندگان، غیر ملکی سفیروں اور یونیورسٹی کے طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔ تقریب میں تعلیم کے شعبے میں تعاون کے تاریخی پس منظر کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے پاکستان میں اپنے تین سالہ دور کے دوران پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ روابط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو معاشی ترقی، سیاسی استحکام اور انفرادی ترقی میں بنیادی حیثیت حاصل ہے، اسی لئے امریکہ اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات میں تعلیم فطری طور پر ایک کلیدی ستون کا مقام رکھتی ہے۔ انہوں نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلیمی شراکت کو اجاگر کیا جس کا نتیجہ دنیا کے سب سے فعال تعلیمی اور پیشہ ورانہ تبادلہ پروگراموں کی صورت میں برآمد ہوا۔
ہر سال ۱۳۰۰ سے زیادہ پاکستانی تعلیمی اور پیشہ ورانہ تبادلہ پروگراموں کے لئے امریکہ کا دورہ کرتے ہیں۔ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے علاوہ امریکی حکومت کے دیگر تعلیمی تبادلوں کے تحت امریکہ میں ہائی اسکولوں، جامعات اور کمیونٹی کالجوں میں تعلیم کے لئے معاونت کی جاتی ہے۔ امسا ل جون میں امریکہ اور پاکستان نے تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی کے ورکنگ گروپ کا آغاز کیا جو امریکہ۔ پاکستان تذویراتی مذاکرات کے تحت قائم ہونے والے چھ ورکنگ گروپوں میں سب سے نیا ہے۔ امریکہ میں تعلیم کے بارے میں مزید معلومات کے لئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔