اسلام آباد (۱۵ستمبر، ۲۰۱۵ء) – امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کےپاکستان کیلئے مشن ڈائریکٹر جان گرورک نے آج روات گرڈ اسٹیشن میں منعقدہ ایک تقریب میں مردان گرڈ اسٹیشن کیلئے دو نئے آٹوٹرانسفارمرز کے افتتاح کے علاوہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو آلات اور گاڑیاں فراہم کیں۔ امریکی حکومت نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کو اپنے نیٹ ورک میں بہتری کیلئے مدد فراہم کر رہی ہےتاکہ پاکستان کی بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔
یو ایس ایڈ نےبجلی کی چار تقسیم کار کمپنیوں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی ، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ان کمپنیوں کوتربیت، آلات اور گاڑیاں فراہم کیں ہیں۔یہ پروگرام حکومت پاکستان کو توانائی کے شعبے میں بہتری لانے میں اعانت کیلئے امریکی حکومت کے عزم کی غمازی کرتا ہے۔ اس تربیت اور سازوسامان کی فراہمی کے بعد پاکستان کی تمام نو بجلی سپلائی تقسیم کار کمپنیوں کو اپنے اہلکاروں کو بجلی بند کئے بغیر تاروں کی مرمت اور اُن کی جانچ پڑتال کرنے کیلئے درکار تربیت اور وسائل حاصل ہو جائیں گےجس سے بجلی کی مسلسل اورقابل بھروسہ دستیابی میں اضافہ ہو گا۔
یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جان گرورک نے کہا کہ امریکی حکومت کو حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر ملک میں بجلی کی پیداوار، ترسیل ،تقسیم اور بعدازاں لوگوں کو فراہمی کیلئے اعانت پر فخر ہے۔ یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر کو نئے آٹو ٹرانسفارمراور بجلی کی چالو لائنوں کی مرمت کے آلات اور ٹرکوں کے بارے میں بریفینگ دی گئی اور گرڈ سٹیشن کے مختلف حصوں کا دورہ کروایا گیا۔
نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی اعانت امریکہ کی پاکستان کیلئے بجلی کی پیداور میں اضافے اور صارفین کو اسکی فراہمی میں بہتری کیلئے کوششوں کی ایک مثال ہے۔امریکی مالی اعانت سے چلنے والے منصوبوں کے تحت گومل زام ڈیم اور ست پارا ڈیموں کی تعمیر مکمل ہوئی، جبکہ تربیلا، منگلا، گدو ، جامشورو اور مظفر گڑھ تھرمل پاور پلانٹس کی مرمت مکمل ہوئی اورا مریکی حکومت پاکستان بھر میں بجلی کی تقسیم کو جدید اور بہتر بنانے کیلئے تمام نو بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ اب تک ان کاوشوں کی بدولت گزشتہ پانچ سال کے دوران پاکستان میں ۱۵۰۰ میگاواٹ بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا جو کہ ایک کروڑ ساٹھ لاکھ افراد کی ضروریات پورا کرنے کیلئے کافی ہے۔
پاکستان میں توانائی کے شعبے میں امریکی اعانت کے بارے میں مزید جاننے کیلئے پر رابطہ کریں