اسلام آباد (۲۰ ستمبر، ۲۰۱۵ء) – سینکڑوں پاکستانی طلبہ نے اسلام آباد میں "بیک ٹو اسکول "کے عنوان سےمنعقد ہونے والے میلے میں شرکت کی جس کا اہتمام ایجوکیشن یو ایس اے پاکستان کے اشتراک اور یونائٹیڈ سٹیٹیس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان کے قریبی تعاون سے کیا گیا ۔امریکہ میں حصول تعلیم میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ نے ۵۰ سے زائد امریکی کالجز اور یونیورسٹی کے سابق طالب علموں سے ملاقاتیں کیں جس میں انہوں نے امریکہ میں اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔امریکی سفارتخانہ کے سفارتکاروں اور اہلکاروں نے اپنی اپنی مادرعلمی کے بارے میں کئے گئے سوالوں کے جوابات دیئے۔اس کے علاوہ کیمپس کے ماحول، درخواست کے طریقہ کار اور سٹوڈنٹ ویزہ کے بارے میں بھی سوالات پوچھے گئے۔
یو ایس ای ایف پی کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ریٹا اختر نے کہا کہ امریکہ پاکستانی طلبہ کو تعلیم کے شاندار مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں چار ہزار سے زائد مستند تعلیمی ادارے قائم ہیں جہاں ہر طالب علم کیلئے ایک پروگرام موجود ہے، ان تعلیمی اداروں میں کچھ طلباء کیلئے مالی معاونت اور وظائف بھی دستیاب ہیں جس سے امریکہ میں تعلیمی اخراجات قابل برداشت ہوجاتےہیں۔
ہر سال امریکہ میں غیر ملکی طالب علموں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اسے اپنے اعلی تعلیم کی منزل کے طور پر چنتے ہیں۔امریکہ اس لئے بھی دنیا بھر کے طلبہ کیلئے مقبول تعلیمی مرکز ہے کہ یہاں متنوع تعلیمی پروگرام ، جدید ٹیکنالوجی سے روشناسی، تحقیق کے مواقع، اور پیشہ ورانہ زندگی کے میں بہتری کے مواقع ہیں ،اسکے علاوہ امریکہ میں تعلیم خود اعتمادی اور خود مختاری کو بھی جلا بخشتی ہے۔
ایجوکیشن یو ایس اے کے ایڈوائزنگ منیجر عمیر خان نے بتایا کہ اس میلہ کا مقصد طلبہ کو امریکہ میں تعلیم کی مختلف پہلوؤں سے روشناس کروانا ہے۔
امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی پریس آفیسر اوریونیورسٹی آف ورجینیا کی سابق طالبہ کرسٹین ہاکنزنے غیر ملکی طلبہ کے ساتھ گزارے گئے اپنے وقت کوزندگی کے سب سے یادگارلمحات قرار دیا اور کہا کہ اس تجربے نے انہیں سفارتکار بننے کاحوصلہ فراہم کیا۔
یوایس ای ایف پی، دوملکی کمیشن ہے جس کو۱۹۵۰ ءمیں حکومت پاکستان اور حکومت امریکہ نے قائم کیا تھا ۔یو ایس ای ایف پی کا مشن پاکستان اور امریکا کے عوم کے مابین تعلیمی اور ثقافتی تبادلہ پروگراموں کے ذریعے باہمی ہم آہنگی کوفروغ دینا ہے۔اپنے قیام سے اب تک یوایس ای ایف پی کے زیر انتظام تبادلہ پروگراموں کے تحت لگ بھگ پانچ ہزارپاکستانی اور ۹۰۰ سے زیادہ امریکی مستفید ہوچکے ہیں ،ان میں سب سے بڑافلبرائٹ پروگرام ہے۔یو ایس ای ایف پی کے اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں دفاتر طلبہ کو امریکہ میں تعلیم کے بارے میں مشورے اور اعانت فراہم کرتے ہیں۔یو ایس ای ایف پی کے اسلام آباد، لاہوراور کراچی میں قائم مراکز میں ٹوفل، ایس اے ٹی، جی آر ای& اور دیگر اسٹینڈرڈ ٹیسٹ بھی منعقد کئے جاتے ہیں۔طلبہ مزید معلومات کیلئے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔