لاہور(۲اکتوبر، ۲۰۱۵ء) – آغا خان ٹرسٹ برائے ثقافت پاکستان اور امریکی سفارت خانہ نے لاہور کے تاریخی چوک وزیر خان کے تحفظ میں اعانت کے سلسلے میں ایک معاہدے پر دستخط کئے ۔امریکی سفیر کے فنڈ برائے ثقافتی ورثہ کے تحت اس منصوبے کیلئےگیارہ لاکھ ڈالر فراہم کئے گئے ہیں تاکہ اس تاریخی چوراہے کو سماجی میل جول کے مقام میں تبدیل کیا جا سکے۔ اس منصوبے کے ذریعے مسجد وزیر خان کے مشرقی صحن اور حجرہ کی بحالی،ایک قدیمی مکان اور چوک کے اندر واقع دینا ناتھ کےکنوئیں کا تحفظ شامل ہے۔ اس منصوبے پر عمل درآمد حکومت پنجاب کے تعاون سے جاری ہے جو اس کے شہری بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبے میں شامل ہے۔
آغا خان ٹرسٹ کے کام کو سراہتے ہوئے امریکی قونصل جنرل زیچرےہرکینریڈر نے کہا کہ سترہویں صدی کے چوک وزیر خان کے تحفظ کے منصوبے میں شراکت داری ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے، کیونکہ یہ مقام لاہوریوں کی دلوں میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔آغا خان ٹرسٹ نے اس شہر کیلئے شاندار کام انجام دئیے ہیں اور ہمیں ان کاوشوں میں اعانت پر فخر ہے۔
;وزیر خان کمپلیکس میں ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے امریکی سفیر کے فنڈ برائے ثقافتی ورثہ سے یہ دوسری مالی اعانت ہے۔ اس سے پہلے ۲۰۰۲ ء میں امریکی سفارتخانہ نے مسجد کے بازار میں واقع محراب دار گلی میں اینٹوں اور پلاستر کے منصوبے کیلئے رقم فراہم کی تھی۔
امریکی سفارتخانہ، امریکی سفیر کے فنڈ برائے ثقافتی ورثہ کے تحت ملک بھر میں ۱۸ ثقافتی مقامات کے تحفظ کیلئے اعانت کی ہے۔ جس میں حالیہ دنوں میںمکلی ہلز سندھ میں واقع سلطان ابراہیم بن مرزا اور سلطان محمد عیسی ترکھان کے مزارات اور لاہور قلعہ کے عالمگیری دروازے کی بحالی شامل ہے۔
اس منصوبے کے بارے میں مزید جاننے کیلئے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔
http://www.facebook.com/lahore.usconsulate orhttps://www.facebook.com/pakistan.usembassy