امریکی سفارتخانہ اور "کچھ خاص "کے اشتراک سے ڈئینیل پرل ورلڈ میوزک ڈے کے موقع پر "انسانیت کے لیے ہم آہنگی ” پروگرام کا انعقاد

اسلام آباد (۳ اکتوبر، ۲۰۱۵ء) – امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور "کچھ خاص” کی جانب سے ڈئینیل پرل ورلڈ میوزک ڈے کے موقع پر پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں پر "انسانیت کے لیے ہم آہنگی ” کے عنوان سے شاعری ، موسیقی ورقص پر مبنی شام منعقد کی گئی۔ پروگرام کے ذریعے امن ، برادشت اور باہمی افہام و تفہیم کے حصول میں فنون لطیفہ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں لاہور سے تعلق رکھنے والی کوریوگرافر نگہت چوہدری اور موسیقار فہیم مظہر نے جدید اور روایتی پاکستانی موسیقی اور رقص کے امتزاج سے اس بات کی عکاسی کی کہ باہمی آویزش میں اتحاد اور ہم آہنگی کا فروغ کیسےممکن بنا یا جا سکتا ہے۔

امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے پانچ سو سے زیادہ طلبہ وطالبات، معلمین ، ثقافتی نمائندوں اور فنون لطیفہ کے شائقین کو پروگرام میں خوش آمدید کہا اورموسیقی کے ذریعے امن اور برداشت کے پرچار کی پاکستان اور امریکہ کی مشترکہ روایت پر اظہار خیال کیا ۔

یہ کنسرٹ ۱۴ ویں سالانہ ڈئینیل پرل ورلڈ میوزک ڈے کا حصہ تھا جو ۲۰۰۲ءسے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مقتول امریکی صحافی ڈئینیل پرل کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ ڈئینیل پرل ورلڈ میوزک ڈے برداشت اور انسانیت کے بین الاقوامی اصولوں کی تجدید کے لیے مختلف کنسرٹس کا نیٹ ورک ہے۔ اپنے آغاز سے اب تک ڈئینیل پرل ورلڈ میوزک ڈے ایک سو اڑتیس ممالک میں تیرہ ہزار چار سو سے زیادہ پرفارمنسز تک پھیل چکا ہے۔

اس پرفارمنس کا انعقاد امن اور برداشت کی تھیم کے تحت معروف کوریو گرافر نگہت چوہدری کی نگرانی میں منعقدہ دو روزہ ڈانس ورکشاپ کے بعد کیا گیا تھا ۔ نگہت چوہدری نے اسلام آباد بھر سےآئے طالبعلموں کیساتھ پرفارمنس کے ذریعے امن ، برادشت اور باہمی افہام و تفہیم کے حصول میں موسیقی اور رقص کی اہمیت کو اجاگر کیا۔طلباء ورکشاپ سے یہ عزم لے کر روانہ ہوئے کہ وہ اس اہم معاشرتی پیغام کو اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا حصہ بنائیں گے۔

امریکی سفارتخانہ اسلام آباد پاکستان میں میوزیکل آرٹس کے پروگراموں کو سالانہ ایک ملین امریکی ڈالرفراہم کرتا ہے۔ ہر سال درجنوں پاکستانی فنکار موسیقی کے تبادلہ پروگراموں میں شرکت کرنے امریکہ جاتے ہیں اور امریکی حکومت کی اعانت سے امریکی موسیقاروں اور فنکاروں کے ساتھ پاکستان اور پاکستان سے باہر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

اس پروگرام کے متعلق مزید جاننے کے لیے وزٹ کریں :

http://www.facebook.com/pakistan.usembassy.