امریکی حکومت کے تعاون سے چلنے والے تبادلہ پروگراموں کے ۷۰۰ سے زائد سابق شرکاء کا سالانہ اجتماع اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک (پی یو اے این) کے ارکان کی مقامی آبادیوں اور امریکہ، پاکستان تعلقات کے لئے خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ پی یو اے این اسلام آباد۔ راولپنڈی چیپٹر کے پانچویں سالانہ اجتماع میں امریکی تبادلہ پروگراموں میں شرکت کرنے والے سیاستدانوں، اراکین پارلیمنٹ، دانشوروں، صحافیوں، کاروباری افراد اور طلبا وطالبات نے شرکت کی ۔ انہوں نے اپنے تجربات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پی یو اے این کے ارکان نے اسلام آباد کے علاقے میں گذشتہ سال مقامی آبادی کی خدمت کی درجنوں سرگرمیوں کی قیادت کی اور تعلیم، قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ، انسداد منشیات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں فعال کردار ادا کیا۔
امریکی سفارتخانہ کے نائب سفیر جوناتھن پریٹ نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ میں سے جن افراد نے امریکہ کا سفر کیا، انہوں نے ثقافتی سفیر کا کردار اد ا کیا، آپ لاتعداد امریکیوں کے لئے پاکستان کا روشن چہرہ تھے۔ جوناتھن پریٹ نے مقامی آبادیوں کے لئے پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک کی خدمات کے پروگراموں اور ایلومنائی نیٹ ورک کے ارکان کی خدمات کو سراہا۔
پی یو اے این کے صدر حسیب کیانی نے شرکاء کی اس بات پر حوصلہ افزائی کی کہ وہ امریکہ میں حاصل کئے جانے والے علم کو پورے پاکستان میں پھیلانے کے لئے ایلومنائی نیٹ ورک کی عوامی بہبود کی سرگرمیوں میں رضاکارانہ طور پر زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔ ایلومنائی نیٹ ورک نے ان ایلومنائی اور رضاکار رہنماؤں کو بہترین ایلومنائی اور اُبھرتے ہوئے رہنماؤں کے ایوارڈ سے نوازا جنہوں نے اپنی مقامی آبادیوں کی بھرپور خدمت کی۔
امریکی حکومت پاکستانی شہریوں کے لئے تبادلہ پروگراموں پر ہر سال چار کروڑ ڈالر سے زائد رقم خرچ کرتی ہے۔ بارہ سو سے زائد پاکستانی ہر سال ہائی اسکول، انڈر گریجویٹ، گریجویٹ اور پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبے میں امریکی حکومت کے تعاون سے چلنے والے تبادلہ پروگراموں میں شرکت کرتے ہیں۔
پاکستان کا شمار دنیا کے ان ملکوں میں ہوتا ہے، جہاں امریکی تبادلہ پروگراموں سے مستفید ہونے والے طالب علموں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ پاکستان میں پندرہ ہزار طلبہ او رپیشہ ورماہرین ایسے ہیں، جنہوں نے امریکی حکومت کے تعاون سے چلنے والے تبادلہ پروگراموں میں شرکت کی۔ پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک اپنے بارہ علاقائی چیپٹرز کے ذریعے پورے پاکستان میں سرگرمیوں کا انعقاد کرتا ہے، جن میں مقامی آبادیوں کی خدمت کے منصوبے، لیڈر شپ کی تربیت، گول میز مباحثے اور مقامی آبادیوں کے ساتھ ملکر کی جانے والی سرگرمیاں شامل ہیں۔
پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک کے بارے میں مزید معلومات کے لئے درج ذیل لنک ملاحظہ کیجئے۔