فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی اور امریکی سفارتخانہ کے اشتراک سے نوتزئین شدہ سوسن بی انتھونی ریڈنگ روم کا افتتاح

راولپنڈی(۲۷اکتوبر ، ۲۰۱۵ء ) – فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی اساتذہ کرام اور طالبات نے یونیورسٹی میں نوتزئین شدہ سوسن بی انتھونی ریڈنگ روم کے افتتاح کے موقع پر امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے حکام کا خیر مقدم کیا۔ توسیع اور تعمیر نو کے بعدریڈنگ روم میں اساتذہ، طالبات اور دیگر افراد کے لئے اضافی کتب، رسائل و جرائد، علمی اعدادوشمار اور جدید ترین ٹیکنالوجی دستیاب ہوں گے۔ اس منصوبے کی تکمیل امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے درمیان ہونیوالے نئے تین سالہ معاہدے کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔

فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر اورامریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی قونصلر پبلک افیئرز کرسٹینا ٹوملینسن نے پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہمارا ادارےکو ایسے مرکز کی میزبانی کا شرف حاصل ہے جو پاکستان اور امریکی سفارتخانے کے مابین اشتراک کا مظہر ہے ۔ کرسٹینا ٹوملینسن نے اس موقع پر کہا کہ عورتوں اور بچیوں کی تعلیم اور صنفی مساوات کا فروغ امریکہ کی خارجہ حکمت عملی کی ترجیحات میں شامل ہیں ۔سوسن بی انتھونی ریڈنگ ہال ہمارے شاندار اشتراک کا ایک جزوہے جس سے دونوں ملکوں کے مابین بات چیت کے مواقع میسرآتے ہیں۔

۲۰۰۸ ءمیں قائم ہونے والا سوسن بی انتھونی ریڈنگ روم فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی اور امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی مشترکہ کاوش ہے۔ اس ریڈنگ روم کو انیسویں صدی میں تعلیم کے فروغ، بہتر حالات ِکار ، خواتین کے لیے حق رائے دہی اور غلامی کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنیوالی امریکی خاتون سوسن بی انتھونی کے نام سے منسوب کیا گیا ہے ۔ ریڈنگ روم یونیورسٹی کی طالبات ، فیکلٹی اور مہمانوں کے لیےانگریزی زبان کی تعلیم، کالج کی تعلیم کے متعلق مشاورت اور امتحانات کے ماخذ، امریکی تبادلے کے پروگرامز کے ایلومنائی ، ثقافتی پروگرام اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ سے متعلق معلومات پر مبنیپروگرام منعقدکرے گا۔

سوسن بی انتھونی ریڈنگ روم امریکی سفارتخانے کے تعاون سے پاکستان بھر میں قائم سترہ لنکن کارنر زکے نیٹ ورک کا حصہ ہے۔ لنکن کارنرز پاکستانی کتب خانوں، جامعات اور ثقافتی مراکزکے اشتراک سے قائم ریسورس سینٹرز ہیں جو پاکستانیوں اور امریکیوں کے درمیاں بات چیت، افہام و تفہیم کے فروغ اور لوگوں کے درمیان میل جول بڑھانے کے پروگراموں کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں۔

لنکن کارنرز کے متعلق مزید جاننے کے لیے درج ذیل ویب سائیٹ ملاحظہ کریں:

http://islamabad.usembassy.gov/lincoln_corners.html.