امریکی سینٹکام کے کمانڈر کا چوتھا دورہ پاکستان

اسلا م آباد  (۱۶  ِنومبر،  ۲۰۱۷ء) __   امریکہ کی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹل نے اس ہفتے پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا۔

جنرل ووٹل نے راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، انٹر سروسز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔

جنرل ووٹل کی ملاقاتیں ٹرمپ انتظامیہ کی جنوبی ایشیا پالیسی کے مقاصد کے حصول کی جانب پاکستانی رہنماؤں کے ساتھ اعلیٰ سطح کے امریکی رابطے کا تسلسل ہے ۔ جنرل ووٹل نے بہتر پاک افغان تعلقات کی اہمیت پر بات چیت کی اور سرحد کے آرپار مربوط فوجی کارروائیوں کے لئے اقدامات  سمیت مستحکم سرحدی سلامتی کی ضرورت پر زور دیا۔ جنرل ووٹل نے پاکستان کے اس کردار کی اہمیت اجاگر کی  جو وہ افغانستان میں امن کے عمل میں سہولت فراہم کرنے اور خطے میں استحکام و سلامتی لانے کے لئے ادا کرسکتا ہے۔

اپنی  ملاقاتوں کے دوران جنرل ووٹل نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی پیش رفت کا اعتراف کرتے ہو ئے ٹرمپ انتظامیہ کے اس پیغام پر زور دیا کہ پاکستان کو تمام عسکریت پسندوں کو اپنی سرحدوں کے اندر اور باہر کارروائیوں سے روکنا چاہئے۔