امریکی حکومت کے تعاون سے منوڑہ میںورون دیو مندر کی بحالی کا منصوبہ

کراچی۔پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ڈھائی لاکھ ڈالر کی مالیت سےمنوڑہ میں واقع تاریخی ورون دیو مندر کی بحالی کے منصوبے کا سنگ ِ بنیاد رکھا۔امریکی سفیر کے فنڈ برائے بحالیِ ثقافت (AFCP)کے تحت صوبہ سندھ میں شروع کیا جانے والا یہ دوسرا منصوبہ ہے۔اس سے پہلےمکلی کے قبرستان میں واقع سلطان ابراہیم اور امیر سلطان محمد کے مزارات کی بحالی کے منصوبے پر کام کا آغاز کیا جا چکا ہے۔

سنگ ِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ انھیں فخر ہے کہ امریکی سفارت خانہ سندھ ایکسپلوریشن اینڈ ایڈونچر سوسائٹی(SEAS)کے ساتھ مل کر اس تاریخی مندر کی بحالی کیلیے کوششیں کر رہا ہے۔منصوبے کے تحت مندر کی عمارت کا سروے،عمارتی ڈھانچے کی مرمت اورعمارت کی تزئین و آرائش کا کام کیا جائے گا۔ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ منوڑہ پاکستان کی مذہبی ہم آہنگی اور ثقافتی تنوع کی بہترین مثال ہے۔یہاں موجود مندر، گرجا گھر، مزارات اور مساجد مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان پائی جانے والے باہمی رواداری کے جذبے کی عکاسی کرتی ہیں۔انھوں نے ورون دیو مندر کی بحالی کے منصوبے کیلیے پاکستان نیوی، منوڑہ کنٹونمنٹ بورڈاورکراچی کنٹونمنٹ بورڈکے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا.