اسلا م آباد (۲۰ ِفروری ۲۰۱۸ء) __ یونیورسٹی کالج لاہور کے طالب علموں کی ایک ٹیم نے امریکی سفارتخانہ کی اعانت سے منعقد ہونے والے فلپ سی جیسپ بین الاقوامی قانونی کورٹ مباحثہ مقابلے میں اول انعام حاصل کیا۔ سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی اختتامی مقابلوں کے چیف جج تھے۔
پاکستان کالج آف لاء لاہور کی ٹیم دوسرے اور قائد اعظم لاء کالج کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔ مقابلے میں نمایاں تینوں ٹیمیں اپریل میں واشنگٹن ڈی سی میں پچانوے ممالک کی ٹیموں کے مابین ہونے والے فائنل میں شرکت کریں گی۔
انسٹھ سال سے جاری ان مقابلوں میں پاکستان گذشتہ تین سال سے حصہ لے رہا ہے۔ امسال قانون کی تعلیم وتدریس سے وابستہ اکیس اداروں کے۱۱۷ پاکستانی طالب علموں نے فرضی طور پر اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے عالمی عدالت برائے انصاف کے سامنے ہونے والے فرضی تنازعہ کو حل کرنے کیلئے منعقد ہونے والے مقابلے میں حصہ لیا۔ پچانوے ممالک سے تعلق رکھنے والے ۶۴۵شرکاء کے ساتھ” جیسپ "دنیا کا سب سے بڑا فرضی عدالتی مقابلہ ہے۔
اس چار روزہ پروگرام کیلئے اعانت امریکی سفارتخانہ شعبہ عالمی ادارہ برائے انسداد منشیات و نفاذ قانون (آئی این ایل) اور آفس آف اوورسیز پراسیکیوشن ڈویلپمنٹ اسسٹنس اینڈ ٹریننگ نے کی تھی۔