امریکی سفارتخانہ کے تعاون سے امریکی فلمسازوں اور پُلٹزر انعام یافتہ مصنف کی اسلام آباد ادبی میلے میں شرکت

۲۴ اپریل، ۲۰۱۵ء

اسلام آباد (۲۴ اپریل، ۲۰۱۵ء)__  اسلام آباد کے تیسرے ادبی میلہ کا آغاز آج یہاں ہوا،جس میں پُلٹزرانعام یافتہ مصنف پال ہارڈنگ نے خاص طورپر شرکت کی ۔ تین روزہ ادبی میلہ کا انعقاد امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے تعاون سے پاکستان، امریکہ اور دیگر ملکوں کی زبانوں، ادب کی مختلف اصناف اور روایات کو اجاگر کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔

امریکی سفارتخانہ کے منسٹر قونصل برائے پبلک افیئرز تھامس لیری نے ادبی میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ادبی میلہ میں امریکی سفارتخانہ کی شرکت سے دونوں ملکوں کے درمیان ادب، تعلیم اور فنون لطیفہ کے فروغ کے ذریعے ثقافتی تبادلوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے امریکی عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ ہمیں اس ادبی میلہ میں پُلٹزرانعام یافتہ مصنف پال ہارڈنگ ،دستاویزی فلم ساز ایلیسن گلکی اور ایرک نیوڈل کو یہاں معروف ادبی شخصیات کے جلومیں بیٹھے دیکھ کر بے حدخوشی محسوس ہورہی ہے۔

اس ادبی میلہ کا انعقاد یو ایس ایڈکے تعاون سے جاری پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ کے سلسلہ کی ایک کڑی ہے، جس کا مقصد پاکستان بھر میں بچوں میں پڑھنے کی صلاحیتیں بہتر بنانے کے لئے ملک کے صوبائی اور علاقائی محکمہ ہائےتعلیم کو اعانت فراہم کرنا ہے۔ امریکی سفارتخانہ تین نشستوں کیلئے بھی مالی اعانت فراہم کررہا ہے جس میں پال ہارڈنگ شریک ہوں گے اورایلیسن گلکی اور ایرک نیوڈل کے ساتھ گفتگو ہوگی جن کی امریکہ میں معذوروں کے حقوق سے متعلق دستاویزی فلم "لائیوز ورتھ لیونگ” اسلام آباد اور لاہور میں ایک ہفتے کی پریزنٹیشنز کے بعد ادبی میلہ میں دکھائی جائے گی ۔ علاوہ ازیں ،فن اور شہری سفارتکاری سے متعلق مباحثہ میں پال ہارڈنگ کے ہمراہ امریکی سفارتخانہ کی کلچرل اتاشی جوڈتھ راون اور آئیووا رائیٹرز پروگرام کے سابق شریک بھی حصہ لیں گے۔