اسلام آباد (۲ اکتوبر، ۲۰۱۵ء)__ جولائی ۲۰۱۵ء کے سیلاب کے نقصانات پر قابو پانے کے لئے امریکی حکومت اپنے بین الاقوامی ترقی کے ادارے یو ایس ایڈ کے ذریعے چترال کے علاقے میں پینے کے پانی کے نظام کی مرمت اور زرعی معیشت کی بحالی میں مدد کے لئے اس سال تین لاکھ ۲۶ ہزار ڈالر کی معاونت فراہم کررہی ہے۔
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے مشن ڈائریکٹر جان گرورک نے کہا کہ ہم خوراک اور پینے کے پانی کی فراہمی کو بحال کرنے کے لئے اور چترال کے لوگوں کی زندگی کو جلد از جلد معمول پر لانے کے لئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں متاثرہ خاندانوں کو یہ آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ اس مشکل وقت میں امریکی عوام اُن کے ساتھ ہیں۔
رواں ہفتے یو ایس ایڈ نے پانی کی فراہمی کی دس پائپ لائنوں کی مرمت میں تعاون کا آغاز کیا ہے، جو آیون یونین کونسل میں گیارہ ہزار سے زائد رہائشیوں کو پینے کا پانی فراہم کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی حکومت ۱۴۱ میٹرک ٹن گندم کے بیج خریدے گی، جو ساڑھے تین ہزار کسان خاندانوں کی معاونت کے لئے کافی ہیں۔ امریکی حکومت تقریباً ۱۰۰ چھوٹے کاروباروں جن میں اناج پیسنے کے لئے ضروری تین واٹر ملیں بھی شامل ہیں، کے دوبارہ آغاز کے لئے بھی معاونت کرے گی۔
۲۰۰۹ء سے اب تک امریکی حکومت نے پاکستان میں انسانی بنیادوں پر امداد کی مد میں ایک ارب ڈالر سے زائد رقم فراہم کی ہے۔ پاکستان میں یو ایس ایڈ کے اقدامات کے بارے میں جاننے کے لئے درج ذیل لنک ملاحظہ کیجئے۔