اسلام آباد (۲ ستمبر، ۲۰۱۵ء)
اسلام آباد اور راولپنڈی سے چار سو سے زائد کالج اور یونیورسٹی طلبہ نے آج انسداد منشیات کی جدوجہد میں پاکستانی نوجوانوں کی شمولیت اور نسلوں و معاشروں کی تعمیر کے موضوع پر ہونے والے ایک سیمینا ر میں شرکت کی۔ اس پروگرام کے تحت طلبہ کو پاکستان میں منشیات کے غلط استعمال کی روک تھام میں ان کے کردار سے روشناس کرایا گیا۔ اس پروگرام کا انعقاد پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک اور وزارت داخلہ و انسداد منشیات نے مشترکہ طور پر امریکی سفارتخانہ کے تعاون سے کیا تھا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفارتخانہ کے قائم مقام نائب سفیر جیفری سیکسٹن نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ رضاکارانہ خدمات کے مواقع تلاش کریں اور اپنی مقامی آبادیوں کی خدمت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے لئے مضبوط معاشروں کی ضرورت ہوتی ہے جیسا کہ آج بھی ہم سب نے یہی سیکھا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے مشترکہ مقاصد کے لئے افراد کو متحد کرتے ہیں، معاشرے افراد کو عمل پر راغب کرتے ہیں اور آپ سب اس بات کا ثبوت ہیں کہ بصیرت کے حامل نوجوان پاکستان میں مثبت تبدیلی کا موجب بن سکتے ہیں۔
امریکی سفارتخانہ کے انٹرنیشنل نارکوٹیکس اینڈ لا انفورسمنٹ سیکشن (آئی این ایل) کے ڈائریکٹر رامن چیکو نیگرون نے سیمینار کے دوران پورے پاکستان میں منشیات سے بحالی کے پروگراموں اور خیبرپختونخواہ و سندھ کے صوبوں میں منشیات کے غیر قانونی استعمال سے لاحق ہونے والے خطرات کے بارے میں شعور و آگہی بیدار کرنے کے لئے آئی این ایل کے تعاون پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے غیر قانونی استعمال کے خطرات کے بارے میں شعور و آگہی پھیلانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ و انسداد منشیات محمد بلیغ الرحمان نے بھی طلبہ سے خطاب کیا۔ وزارت داخلہ و انسداد منشیات، پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک اور امریکی سفارتخانہ کے قریبی رابطہ سے منشیات کی غیر قانونی تجارت کے اثرات کی روک تھام کے امریکہ اور پاکستان کے مشترکہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔
امریکی تعاون سے چلنے والے تبادلہ پروگراموں میں پندرہ ہزار سے زائد طلبہ اور پیشہ ورانہ افراد کی شرکت کے ساتھ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ملکوں میں ہوتا ہے، جہاں سب سے زیادہ امریکی تبادلہ پروگراموں سے مستفید ہونے والے افراد رہتے ہیں۔ پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک ۱۲ علاقائی چیپٹرز کے ساتھ پورے پاکستان میں سرگرمیاں منعقد کرتا ہے، جن میں کمیونٹی سروس کے منصوبے، رہنمائی کی تربیت، گول میز مباحثوں کا انعقاد اور مقامی آبادیوں کے لئے سرگرمیاں شامل ہیں۔ پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک کے بارے میں مزید معلومات کے لئے درج ذیل لنک ملاحظہ کیجئے۔