امریکی قونصل جنرل لاہور نے سرگودھا میں انگلش ایکسیس مائکرو اسکالر شپ پروگرام کا افتتاح کردیا

سرگودھا، دسمبر 20، 2018 —  امریکی قونصل جنرل کولین کرینولگی نے آج 125 پاکستانی طلبا کو امریکی محکمہ خارجہ کے تحت سرگودھا میں شروع ہونے والے انگلش ایکسیس مائکرو اسکالر شپ پروگرام میں خوش آمدید کہا۔
انگریزی سکھانے کا یہ بلا معاوضہ تربیتی پروگرام تیرہ سے بیس سال تک کی عمر کےطلبہ کو بعد از سکول انگریزی زبان کی  کلاسز کے ذریعے، امریکی اور پاکستانی ثقافت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، قیادت  کے فن اور سماجی خدمت کے بارےمیں معلومات فرا ہم کرتا ہے. شرکاء اس پروگرام کے بعد اس قابل ہو جاتے ہیں کہ وہ مستقبل میں پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں مدد دیں اور امریکہ یا کہیں اور تبادلہ اور دیگر تعلیمی پروگراموں میں شرکت کرسکیں۔
قونصل جنرل کرینویلگی نے شرکا کو بتایا کہ ایکسیس پروگرام میں تربیت سے زبان کی مہارت کے حصول، قیادت کی اہمیت سے آگہی اور تجزیے کے ہنر پانے  سے آپ بہتر طالب علم بن سکیں گے۔ انہوں نے کہا کے دو سالہ پروگرام کے دوران آپ کو زبان سیکھنے کی سرگرمیوں کےدوران سماجی خدمت کے منصوبوں سے آگہی اور فن تقریر کی مشقوں کے مواقع بھی ملیں گے.انہوں نے طلبہ کا حوصلہ بڑھاتے ہوے کہا کے انہیں ان مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھاناچاہیے، ایکسیس پروگرام کے اختتام کے بعد بھی انگلش کا مطالعہ جاری رکھنا چاہیےاور دوسروں کو بھی سماجی خدمت کے لیے تیار کرنا چاہیے۔
امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور ایکسیس پروگرام کے لیے سرگودھا یونیورسٹی سے دوسری مرتبہ شراکت کر رہا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ 80 ممالک میں ایکسیس پروگرام منعقد کررہا ہے. پاکستان میں 2500 سے زائد طلبہ ایکسیس پروگراموں میں حصہ لے رہے ہیں۔
2004 سےاب تک 13000 سے زائد طلبہ ایکسیس پروگراموں سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔