امریکی قونصل خانے، ’ایجوکیشن یو ایس اے‘ اور ’یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان (USEFP)’ کی جانب سے امریکا میں اعلیٰ تعلیم کے مواقعوں کے بارے میں تعلیمی میلے کا انعقاد کیا گیا۔ میلے میں 40 سے زائد امریکی کالجوں اور جامعات نے اپنے اسٹالز لگائے جبکہ شرکا کو امریکی تبادلہ پروگراموں سے واپس آنے والے طلبا اور امریکی قونصل خانے کے عملے نے ویزا، کالج کی درخواستوں اور امریکا میں زندگی کے بارے میں معلومات فراہم کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام قونصل جنرل چاڈ پیٹرسن نے کہا کہ امریکا آنے والے غیرملکی طلبا کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے۔ بے شمار طالب علم امریکا کو اس کے اعلیٰ تعلیمی معیار کی وجہ سے منتخب کرتے ہیں۔ چاڈ پیٹرسن کا کہنا تھا کہ امریکی اسناد بہترین تحقیقی مواقعوں، جدید ٹیکنالوجی اور طویل المعیاد کامیاب کیرئیر جیسی خصوصیات کی حامل ہیں۔
’ایجوکیشن یو ایس اے‘ کے تعلیمی مشیر عمیر خان نے کہا کہ اس تعلیمی میلے کے انعقاد کا مقصد طلبا کو امریکا میں تعلیمی تجربے کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں آنے والے طلبا کو امریکی یونیورسٹیوں کے سابق طلبا سے ملاقات کا موقع ملتا ہے اور وہ ان سے امریکا میں رہائش اور تعلیم کے بارے میں براہِ راست معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ ’یو ایس ایجوکیشنل فاونڈیشن ان پاکستان (USEFP)‘ اور ’ایجوکیشن یو ایس اے‘ کے زیر اہتمام 5 ستمبر کو لاہور اور 20 ستمبر کو اسلام آباد میں اسی قسم کے تعلیمی میلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
USEFP امریکا اور پاکستان کے عوام کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کے ذریعے باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ 1950 میں تشکیل پانے والے اس ادارے کے زیر انتظام تبادلہ پروگراموں میں اب تک 5000 پاکستانی اور 900 سے زائد امریکی شہری شرکت کر چکے ہیں۔ ان تبادلہ پروگراموں میں سب سے اہم فل برائٹ پروگرام ہے۔ امریکا میں تعلیم حا صل کرنے میں دلچسپی رکھنے والے طلبا کی رہنمائی اور معاونت کے لیے USEFP کے دفاتر کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں قائم ہیں جہاں TOEFL, SAT, GRE اور ان جیسے دیگر امتحانات کی تیاری بھی کرائی جاتی ہے۔
اس بارے میں مزید معلومات کیلیے وزٹ کریں: