امریکی قونصلیٹ نے 19 پاکستانی خواتین کو ‘‘سمر ایکسچینج پروگرام’’ کے تحت امریکا بھجوایا

کراچی- امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے ‘‘سمر ایکسچینج پروگرام’’ کے تحت  امریکا جانے والی 19 پاکستانی خواتین کو ان کی روانگی سے قبل الوداع کرتے ہوئے کہا کہ میں ‘‘ سمر سسٹرز 2016 ایکسچینج پروگرام’’ میں حّصہ لینے والی تمام شرکا کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں’’۔ برائن ہیتھ نے پروگرام کے پارٹنر آئی ارن، یو ایس پاکستان وومنز کونسل اور امریکی یونیورسٹی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ تقریب میں  آئی ارن کی سی ای او فرح کمال،  آئی ارن کے جنرل منیجر سلیم ابراہیم، افسر برائے عوامی امور لی پنگ لو اور ثقافتی اتاشی گریفن روزیل بھی موجود تھے۔
امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ کا  شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ‘‘ آپ دونوں قوموں کی ثقافتی سفیر بن کر جارہی ہیں اور بطور ‘‘ سمر سسٹر’’ آپ میں دانشورانہ اور قیادت کی صلاحیتیں پروان چڑھیں گی۔ آپ سب میں پاکستان اور اس باہر قیادت کرنے کی صلاحتیں موجود ہیں۔’’
افسر برائے عوامی امور لی پنگ لو نے کہا کہ ‘‘ایکسچینج پروگرامز ، جیسے کہ یو ایس سمر سسٹر’’ ان  میں حّصہ لینے والوں سے لے کر  یونیورسٹی کے پروفیسروں اور عام امریکیوں تک سب کے لیے ایک انمول تجربہ ہوتے ہیں۔ ‘‘سمر سسٹرز’’ پروگرام امریکی اور پاکستانی عوام کے تعلقات مضبوط کرتا ہے ،اس سے  فرسودہ خیالات سے لڑنے میں مدد ملتی ہے اور با لآخر   دونوں قوموں کے درمیان ذہنی ہم آہنگی میں اضافہ ہوتا ہے۔’’
ثقافتی اتاشی گریفن روزیل کا کہنا تھا  تعلیم خصوصا ًخواتین کی تعلیم کہ  مضبوط، معاشی طور پر مستحکم اور خوشحال پاکستان کےلیے  کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ بدقسمتی سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں  صنفی امتیاز اور مصنوعی رکاوٹوں کی وجہ سے خواتین اور لڑکیوں کی صلاحیتیں غیر دریافت شدہ رہ جاتی ہیں۔ ‘‘سمر سسٹرز’’ جیسے پروگرام ان مصنوعی رکاٹوں کو ختم کرنے کی ٹھوس کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔’’

سمر سسٹرز پروگرام کیا ہے؟
یو ایس سمر سسٹرز پروگرام کا آغاز 2013 ء  میں یو ایس پاکستان وومنز کونسل نے کیا تھا۔ اس پروگرام کے تحت پس ماندہ طبقات کی  15 سے 18 سالہ باصلاحیت پاکستانی طالبات کو  2 سے آٹھ ہفتوں تک بہترین امریکی یونیورسٹیوں میں تعلیم کے لیے بھیجا جاتا ہے۔

یو ایس پاکستان وومنز کونسل:
یو ایس پاکستان وومنز کونسل  امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے 2012 ء میں قائم کی تھی جس کا مقصد پاکستان کی معاشی سرگرمیوں میں خواتین کے شراکت میں اضافہ کرنا تھا۔ یو ایس پاکستان وومنز کونسل خواتین کی تعلیم، ان کے روزگار اوربزنس میں انھیں نمایاں مقام دلانے کے لیے کام کرتی ہے جس کے لیے امریکا اور پاکستان میں سرکاری اور نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے نمایاں افراد کی خدمات حاصل کرتی ہے۔