امریکی تبادلہ پروگرام ایلومنائی کی جانب سے بذریعہ ٹیکنالوجی نوجوانوں کوباختیاربنانےکی کاوش

گروپ شاٹ

امریکی سفارتخانہ کے منسٹر قونصلر برائے امور عامہ جیفری سیکسٹن نے یہاں امریکی حکومت کے تعاون سےجاری تبادلہ پروگراموں کے ۱۰۰ سے زائد سابق شرکاء سے خطاب کیا۔شرکاء نے یوتھ ٹیک کیمپ ۲۰۱۵ ءکی اختتامی تقریب میں شرکت کی، جس کا اہتمام امریکی سفارتخانہ نے پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک(پی یو اے این) کے تعاون سے کیا تھا۔تین روزہ کیمپ میں پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک نے نوجوان شرکاء کو نت نئی ٹیکنالوجیز سے متعارف کروایا اور انہیں نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ناقدانہ سوچ کے ذریعے معاشرے میں بہتری کے بارے میں بتایا گیا۔

منسٹر قونصلر جیفری سیکسٹن نےاپنےاختتامی کلمات کے دوران کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال آپ کے معاشروں اور دنیا بھر میں مثبت اثرات مرتب کر سکتا ہے۔امسال یوتھ ٹیک کیمپ کا مقصد دنیا کو مربوط کرنے والی نئی ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو سیکھنے اور استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمیر سیف نےبھی پاکستان بھر سے آئے شرکا ء سے ملاقات کی ،جنہیں جدید ٹیکنالوجیز بشمول کرائسسز میپنگ،انٹر نیٹ ا یپلیکیشنز، آن لائن سیٹیزن جرنلزم، مختصر دورانیہ کی فلم سازی اور کراؤڈ فنڈنگ کے استعمال کی تربیت دی گئی۔

امریکی حکومت پاکستانی شہریوں کے لئے تبادلہ پروگراموں پر ہر سال اندازاً ۴۰ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرتی ہے اور ہر سال ۱۳۰۰ پاکستانی شہریوں کو امریکی تعاون سے جاری تعلیمی اور پیشہ ورانہ تبادلہ پروگراموں میں شرکت کیلئے امریکہ بھیجا جاتا ہے۔ پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک طلبا وطالبات اور ماہرین کا گروہ ہے ، جس کا شمار دنیا کے سب سے بڑے امریکی ایلومنائی نیٹ ورکس میں ہوتا ہےاور اس کے ممبران کی تعداد ۱۵،۰۰۰ سے زائد ہے۔

پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک پاکستان بھر میں متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کرتا ہے، جن میں مقامی آبادیوں کی خدمت کے منصوبے، رہنمائی کی تربیت، گول میز مباحثے اور مقامی آبادیوں کے ساتھ ملکر کی جانے والی سرگرمیاں شامل ہیں۔ پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک کے بارے میں مزید تفصیلات جاننے کے لئے درج ذیل فیس بک پیج ملاحظہ کیجیئے۔

http://www.facebook.com/pakalumni