۱۷ ِنومبر، ۲۰۱۷ء رابطہ: شعبہ امور عامہ
برا ئے فوری اجراء سفارتخانہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ
۸۳ /۲۰۱۷ ء فون:۰۵۱۲۰۱۵۴۲۷
امریکہ۔ پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی تعاون پروگرام کے تحت ۱۴ ریسرچ گرانٹس کا اعلان
اسلا م آباد (۱۷ ِنومبر، ۲۰۱۷ء) __ امریکہ اور پاکستان کی حکومتوں نے آج امریکی اور پاکستانی محققین کی ۱۴ مشترکہ ٹیموں کے لئے سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون کی ریسرچ گرانٹس کا اعلان کیا۔ یہ گرانٹس یوایس ۔پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی تعاون پروگرام کا حصہ ہیں، جس کے لئے فنڈز امریکی محکمہ خارجہ اور امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) نے مشترکہ طور پر فراہم کئے ہیں۔ اس پروگرام کا انتظام وانصرام امریکہ کی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز ،پاکستان کے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے کررہی ہے۔
اس پروگرام کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی میں تحقیق کے لئے گرانٹس کا یہ ساتواں دور ہے۔ ان گرانٹس کے نتیجے میں سامنے آنے والی مشترکہ تحقیق سے دونوں ملکوں کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں فنی تعاون فروغ پائے گا جس سے پاکستان میں صحت، پانی، زراعت اور توانائی کے شعبے میں معاشی ترقی کو جِلاء ملے گی۔
مشترکہ فنڈ سے چلنے والا یہ پروگرام پاکستانی سائنسدانوں اور اداروں اور ان کے امریکی ہم منصبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لئے وضع کیا گیا ہے۔پاکستان میں یو ایس ایڈ کے قائم مقام مشن ڈائریکٹر ٹم ڈونے، نے محققین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے پاکستانی سائنسدانوں اور اداروں اور امریکہ میں ان کے ہم منصب سائنسدانوں اور اداروں کے درمیان تعاون فروغ اور وسعت پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم علمی اداروں کو مستحکم بنانے اور مزید خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کے لئے ملکر کام کریں گے۔
۲۰۰۵ء سے اب تک سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون کے پروگرام کے تحت شفاف، اہلیت پر مبنی اور مشترکہ فیصلہ سازی کے عمل کے ذریعے ۱۱۰ مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے لئے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔