اسلام آباد (۵ نومبر ۲۰۲۰ ء) ۔۔نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے مینجنگ ڈائریکٹر نے آج امریکی حکومت کے تعاون سے مکمل ہونے والے پاٹرنڈ توانائی ترسیل منصوبہ کا افتتاح کیا۔ امریکہ اور پاکستان کی یہ باہمی سرمایہ کاری پاکستان کے قومی توانائی گرڈ میں ۱۴۷ میگاواٹ پن بجلی کی شمولیت کا اضافہ کرے گی۔ امریکہ کی حکومت نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے توسط سے آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے خطہ میں بجلی کی ترسیل کی لائنوں کی تعمیر اور گرڈ اسٹیشنوں کی صورتحال میں بہتری کا باعث بننے والے اقدامات سے مذکورہ کوششوں کی حمایت کی ہے۔ اِس کوشش کا حتمی نتیجہ صاف سُتھری توانائی سے وابستہ منصوبوں میں نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی صورت میں نکلے گا۔
این ٹی ڈی سی اور یو ایس ایڈ کی اِس سرمایہ کاری کی بددولت ،پاٹرنڈ قومی گرڈ کو بجلی فروخت کررہا ہے اور اپنے قرض اور ایکوئٹی کی رقم بھی لوٹا رہا ہے۔ یہ کامیابی ظاہر کرتی ہے کہ حکومت کی جانب سے تزویراتی حکمت عملی اختیار کرنے سے توانائی کا شعبہ مقامی اور قومی معاشی نَمو کا کلیدی محرک بن سکتا ہے۔
اِس موقع پر یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جُولی کوئنین نے کہا ہے کہ امریکی حکومت ملک میں توانائی کے شعبہ کے استحکام کو یقینی بنانے اور پن بجلی جیسے پائیدار توانائی ذرائع کے استعمال سے اِس شعبہ کو مسابقت کے مزید قابل بنانے کے لیے پاکستان کی حکومت کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کے ساتھ کام کرتے ہوئےہم نے بنیادی ڈھانچہ کے منصوبوں تعمیر، عملی سطح پر بہتری لانے اور پالیسی اصلاحات کو فروغ دینے کے لیے تعاون کیا ہے تاکہ ملک کا توانائی کا شعبہ مزید مؤثر اوردیرپا بہتری کی جانب گامزن ہو سکے۔ یہ کوششیں پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی اور معیشت کی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔
۲۰۱۰ء سے لیکر یو ایس ایڈ نےحکومت پاکستان کے ساتھ اشتراک کار سے قومی بجلی نظام میں ۳۶۰۰میگا واٹ سے زیادہ بجلی کا اضافہ کیا ہے۔ سرمایہ کاری کے اِن اقدامات سے چار کروڑ تیس لاکھ سے زیادہ پاکستانی مستفید ہوئے ہیں، توانائی کی ترسیل سے وابستہ کمپنیوں کی لاگت میں ۴۲۹ ملین ڈالر کی کمی آئی ہے جبکہ نجی سرمایہ کاری کی مَدِ میں بھی دو اعشاریہ تین ارب ڈالرکا فائدہ ہوا ہے۔ مزید برآں، یو ایس ایڈ نے پَون چکی بجلی منصوبوں میں پیدا ہونے والی توانائی کی قومی گرڈ تک ترسیل یقینی بنانے کے لیے نئی ٹرانسمیشن لائنوں اور سب اسٹیشنوں کی تعمیر بھی سر انجام دی ہے اور تھرمل اور پن بجلی گھروں کی بھی بحال کیا ہے۔
مستقبل میں پاکستان کا توانائی کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے امریکی حکومت منصوبہ بندی کے عمل اور آپریشنل نظم و نسق کی بہتری، نئی ٹیکنالوجی متعارف کروانے اور ایسے مسابقتی منڈی کے نظام کی جانب منتقلی کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرے گی جس میں نجی شعبہ کی کمپنیوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت ممکن ہو سکے۔
پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں امریکی اعانت کے بارے میں مزید جاننے کیلئے ملاحظہ کریں:
https://www.usaid.gov/pakistan/energy
####