امریکی حکومت کا گلوبل انٹرپرینیورشپ ویک کے موقع پر پاکستانی تاجروں کو خراج تحسین

 اسلام آباد  (۱۹ ِنومبر۲۰۲۰ء )__امریکی حکومت نے گلوبل انٹرپرینیورشپ ویک کے موقع پر چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروباری اداروں ( ایس ایم اِیز) کے قیام اور توسیع کے لیے گرانٹ وُصول کرنے والے ۲۵ پاکستانی تاجروں کی کامیابیوں کا جشن منایا۔ اس حوالے  سے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یو ایس ایڈ) نے آج منعقد ہونے والی ایک وَرچوئل تقریب میں چیلنج فنڈ گرانٹ وصول کرنے والے  پاکستانی انٹرپرینیورز کی کاوشوں کا اعتراف کیا ، جنہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مہمان نوازی ( سیاحت) ، ٹیکسٹائل، چھوٹے پیمانہ کی انجینئرنگ اور زرعی کاروبار کے شعبوں میں شاندار نت نئے کاروبارشروع کئے۔

اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرینیورشپ پروگرام کے ذریعہ  یو ایس ایڈ کی جانب سے فراہم کردہ مالی اعانت اور مدد نے  گذشتہ ایک سال کے دوران میں شرکاء کومشکلات پر قابو پانے، نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کے حُصول اور کاروبار کو تقویت دینے میں مدد دی۔ کاروباری اور جدت پر مبنی سرگرمیوں کی وجہ سے روزگار، پیداوار اور تجارت کے مواقع میں اضافہ کے ساتھ ساتھ قومی معیشت میں بھی تحرک پیدا ہوا۔ مذکورہ ۲۵ شرکاء اور اُن کے کاروبار نے مجموعی طور پر ۲۹۴ کُل وقتی ملازمتوں کے مواقع تخلیق کئے ، ان سے ۴۲ لاکھ ڈالر آمدنی ہوئی ، ۱۹ لاکھ ڈالر مالیت کی برآمدی مصنوعات تیار ہوئیں اور نجی شعبہ میں ساڑھے گیارہ لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ۔

ریاستہائے متحدہ امریکہ کے سفارتخانہ کی ناظم الاُمور اینجلا ایگلر نے ورچوئل تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج چیلنج فنڈ کی ۲۵ گرانٹس کی کامیاب تکمیل کا دن ہے تاہم معاشی نَمو اور پاکستانیوں کے حالات میں بہتری کی خاطر انٹرپرینیورشپ کے فروغ اور ترقی کا سلسلہ جاری رہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل انٹرپرینیورشپ کا ہفتہ ہمیں یاد دلاتاہے کہ معاشی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف صرف نوجوان اور اختراع پسند انٹرپرینیورز کی توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

چیلنج فنڈ کے ذریعہ سے فروغ دی جانے والی کاروباری اختراعات سے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروباری اداروں کی مسابقت کی صلاحیت، روزگار کے مواقع، فروخت، برآمدات، نئی منڈیوں تک رسائی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ میں مدد ملتی ہے۔گرانٹس کو بروئے کار لاتے ہوئے  کلیدی مسائل کی نشاندہی کی جاتی ہے اور پھر تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد کو ان  کا حل تلاش کرنے اور درست کرنے  کے لیے مدعو کیا جاتا ہے۔ گرانٹس کی تقسیم کے گزشتہ مقابلہ میں ۲۵ چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے تجارتی اداروں میں سے ہر ایک کو ۲۰ ہزار سے ۵۰ ہزار ڈالر تک کی ” تخلیقی اور ترقیاتی مالی اعانت” کے لیے منتخب کیا گیا ۔ منصوبہ کے تحت پاکستان بھر میں اب تک مجموعی طور پر ۸۷ گرانٹس فراہم کی جا چُکی ہیں۔ مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی مندرجہ ذیل پتہ پر رابطہ کریں:

challengefund@pakistansmea.com.