اسلام آباد ( ۳۱ مارچ ۲۰۲۲ء)—ریاستہائے متحدہ امریکہ نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یو ایس ایڈ) کے توسط سے اور اقوام متحدہ کے دفتربرائے منصوبہ جاتی خدمات ( یو این او پی ایس) کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے آج پانی اور صفائی ستھرائی کے ایک چار سالہ منصوبہ کا افتتاح کیا جس کے تحت سندھ اور خیبر پختونخوا کے ایک ایک ضلع میں مجموعی طور پر سَتر ہزار رہائشیوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔
اس نئے منصوبہ پر عمل درآمد سے پانی کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں کمی لائی جا سکے گی اور اس اختراعی طریقہ کار کے تحت خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک اور سندھ کے ضلع عمرکوٹ میں شفا خانوں، اسکولوں اور سہولیات سے محروم آبادیوں تک پانی اور صفائی ستھرائی کی فراہمی کے اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ پانی کے نظم و نسق کے اس مجموعی منصوبہ کے ذریعہ بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر، پانی کی فراہمی سے متعلق خدمات کی استعداد کار میں اضافہ اور ضروریات کے تخمینہ کے لیے مقامی آبادیوں کی شمولیت کو ممکن بنایا جا سکے گا۔
اسلام آباد میں منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کے قائم مقام مشن ڈائریکٹر ڈیو ڈینگ نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے قیام کے پچھترویں یوم تاسیس کے موقع پر یو ایس ایڈ صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی سہولیات تک قابل بھروسہ رسائی فراہم کرنے اور آبی وسائل کے مناسب انتظام و انصرام کے سلسلہ میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ یہ سرمایہ کاری عوامی صحت کے تحفظ کا پیش خیمہ بنے گی جبکہ معاشی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے حصول کے حوالے سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ادارہ یواین او پی ایس کی پاکستان میں منیجر مارسیا زپاسنک نے کہا کہ صاف پانی اور صفائی کی سہولیات تک رسائی ایک بنیادی انسانی حق ہے۔ یو ایس ایڈ کی اعانت سے سندھ اور کے پی حکومتوں کی معاونت کرنا ہمارے لیے باعث مسرت عمل ہے جس کے تحت ہم پاکستان میں لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے مقصد سے صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی سہولیات تک اُن کی رسائی میں اضافہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پچھتر برس پر محیط باہمی شراکت کے دوران امریکہ اور پاکستان دونوں ملکوں کے شہریوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ اس شراکت کے ذریعہ مِل جُل کر پانی کے ذخائر اور تعلیمی اداروں کی تعمیر ، سیلابوں اور زلزلوں جیسی قدرتی آفات کی وجہ سے برپا ہونے والے انسانی بحرانوں کا سدباب ، ضرورت مند لوگوں کو حفاظتی ٹیکوں کی فراہمی اور پاکستان کی ترقی میں معاونت کے لیے ذرائع اور تربیت کی فراہمی ممکن ہو پائی ہے۔ امریکہ درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
یو ایس ایڈ کے پاکستان میں پروگراموں کے بارے میں مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔