امریکی لوک موسیقاروں کی جامشورو میں پرفارمنس

موسیقی کے گروپ

امریکی قونصل خانے کراچی کی دعوت پر امریکی لوک موسیقی بینڈ ’کینٹکی وائنڈرز‘ نے سندھ یونیورسٹی جامشورو میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا جس کے بعد انھوں نے مشہور پاکستانی صوفی گروپ ’اسکیچز‘ کے ہمراہ مختلف گیتوں پر پرفارم کیا۔ بینڈ کے ممبران نے امریکی حکومت کے تبادلہ پروگراموں سے فارغ التحصیل طلبا کی تنظیم ’پاکستان یو ایس المنائی نیٹ ورک (PUAN)‘ کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر امریکی قونصل خانے کراچی کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ مارک کینڈرک نے کہا کہ موسیقی مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو قریب لانے کاذریعہ ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ موسیقی سفارت کاری کا بہترین ذریعہ ہے تو یہ غلط نہیں ہوگا۔

 ’کینٹکی وائنڈرز‘ چار موسیقاروں پر مشتمل امریکی لوک موسیقی بینڈ ہے جس کی قیادت نکوس پاپاس کر رہے ہیں۔ بینڈ کے دیگر ممبران میں سیٹھ فالسم (گٹار اور بینجو)، نک لائیڈ (بیس) اور جیسی ویلز (گٹار اور بینجو) شامل ہیں۔