دادا/دادی یا نانا/نانی کے ذریعے امریکی شہریت کا حصول
چائلڈ سٹیزن شپ ایکٹ 2000 کے تحت 18 سال سے کم عمر بچے جن کے دادا/دادی یا نانا/نانی امریکی شہری ہوں اور امریکا میں قیام کی شرائط پر پورے اترتے ہوں، تیز رفتار امریکی شہریت کے حصول کے اہل ہیں۔ ایسے بچے جو پیدائش کے وقت امریکی شہریت کے اہل نہیں ہوتے، وہ اس طریقہ کار کے ذریعے امریکا میں قیام کے بغیر شہریت حاصل کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ضروری کاروائی سے گذارنے کے بعد ہی درخواست گذار امریکا میں رہائش اختیار کر سکتا ہے۔ اس بارے میں مزید معلومات اور درخواست فارم حاصل کرنے کیلیے مندرجہ ذیل پتے پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
چیف نیچرلائزیشن برانچ
یو ایس سی آئی ایس ہیڈ کوارٹرز
425 آئی اسٹریٹ NW
کمرہ نمبر 3214 HQADN
واشنگٹن، ڈی سی 20536
ریاست ہائے متحدہ امریکا
اس طریقہ کار کے ذریعے امریکی شہریت کا حصول امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز (USCIS) کے ذریعے ہی ممکن ہے اور اس میں چھ ماہ سے ایک سال تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔
امریکی شہریت کا خود کار حصول
چائلڈ سٹیزن شپ ایکٹ 2000 کے تحت امریکی شہریوں کے بیرون ملک پیدا ہونے والے یا گود لیے جانے والے بچے خود بخود امریکی شہریت کے اہل ہوتے ہیں۔ ایسا اس صورت میں ممکن ہے جب مندرجہ ذیل شرائط پوری کردی گئی ہوں۔
- والدین میں سے کوئی ایک امریکی شہری ہو۔
- بچے کی عمر 18 سال سے کم ہو۔
- بچہ امریکا میں امیگرنٹ ویزا پر داخل ہوا ہو اور ملک میں اس کا قیام گرین کارڈ پر امریکی والدین کی قانونی سرپرستی میں ہو۔
- اگر بچے کو گود لیا گیا ہے تو یہ مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہو۔ اگر یہ سلسلہ امریکا میں مکمل کیا جانا ہے تو بچہ امریکی شہریت کیلیے اس وقت اہل تصور ہوگا جب گود لینے کا مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا۔
وہ بچے جو مندرجہ بالا شرائط پر پورا نہیں اترتے اس وقت امریکی شہریت کیلیے اہل تصور ہوں گے جب یہ تمام شرائط پوری کرلی جائیں گی۔ اس مرحلے پر ان کی عمر 18 سال سے کم ہونی ضروری ہے۔ اس بارے میں مزید معلومات امریکی محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔