گمشدہ یا چوری شدہ گرین کارڈ

امریکا میں عارضی سکونت کیلیے درکار I-551 کارڈ جسے گرین کارڈ بھی کہا جاتا ہے، کا اجراء یا تبدیلی صرف امریکی شہریت اور امیگریشن سروس (USCIS) کرسکتی ہے۔ امریکی قونصل خانہ گرین کارڈ جاری کرنے کا مجاذ نہیں۔ اگر کوئی شخص اپنا گرین کارڈ امریکا میں بھول آیا ہے تو ضروری ہے کہ وہ وہاں موجود اپنے رشتہ داروں یا دوستوں سے رابطہ کر کے اسے بذریعہ ایکسپریس میل منگوائے۔

اگر کسی شخص کا گرین کارڈ گم یا چوری ہوجائے تو قونصل خانہ اسے امریکا واپسی کیلیے عارضی دستاویز ’بورڈنگ فوائل‘ جاری کر سکتا ہے۔ اس مقصد کیلیے درخواست گذار کو امریکی قونصل خانے میں انٹرویو کیلیے آنا ہوگا اور گرین کارڈ کیلیے اپنی اہلیت ثابت کرنی ہوگی۔ واضح رہے کہ اگر درخواست گذار ایک سال سے زیادہ عرصہ امریکا سے باہر رہا ہو تو وہ بورڈنگ فوائل کیلیے اہل نہیں۔ اس بارے میں مزید جاننے کیلیے  امریکی شہریت اور امیگریشن سروس (PDF 668 KB) (USCIS) کی ویب سائٹ وزٹ کریں۔

بورڈنگ فوائل کی درخواست کیلیے درکار دستاویزات

  • شناختی ثبوت (پاسپورٹ یا کوئی اور تصویری شناخت)
  • امریکا میں عارضی رہائش کی قانونی حیثیت کا ثبوت (مثلاً پاسپورٹ جس میں امریکا میں اس حیثیت میں داخلے کا ثبوت موجود ہو)
  •  گذشتہ 12 ماہ کے دوران امریکا میں قیام کا ثبوت (مثلاً ہوائی جہاز کا بین الاقوامی ٹکٹ یا بورڈنگ پاس)
  • سفری سوالنامہ (یہ قونصل خانے میں مکمل کیا جائے گا)
  • گرین کارڈ کی گمشدگی یا چوری کی ایف آئی آر
  • ایک عدد پاسپورٹ سائز تصویر (تصویر کی شرائط کے بارے میں جاننے کیلیے ہمارا ہدایت نامہ ملاحضہ کریں)

بورڈنگ فوائل کی درخواست کیلیے اپائنٹمنٹ حاصل کرنے کیلیے ہماری ویب سائٹ وزٹ کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ ہفتہ اور اتوار، عام تعطیلات اور شام کے اوقات کے دوران درخواستوں پر کاروائی نہیں کی جاتی۔ کاروائی کی مدت کا دارومدار درخواست کی نوعیت اور درخواست کے ہمراہ فراہم کی جانے والی دستاویزات پر ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ بورڈنگ فوائل کا حصول دو مرحلوں میں ممکن ہوگا۔ پہلے مرحلے میں درخواست گذار کو قونصل خانے آکر درخواست جمع کرانی ہوگی جس کے بعد ہوم لینڈ سیکورٹی کا محکمہ بورڈنگ فوائل کے جاری کرنے یا نا کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔ اگر بورڈنگ فوائل جاری کرنے کی اجازت دے دی جاتی ہے تو قونصل خانہ اسے پرنٹ کر کے درخواست گذار کو بھجوا دے گا۔ درخواست جمع کرانے اور بورڈنگ فوائل کے حصول کے درمیان ایک ماہ تک کا عرصہ لگ سکتا ہے اور اس عمل کو تیز نہیں کیا جاسکتا۔ درخواست گذاروں کو چاہیے کہ وہ ان تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے اگلے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔