ایک سال سے زائد عرصے کیلیے امریکا سے باہر رہائش پذیر گرین کارڈ رکھنے والے افراد کو امریکا میں داخلے کیلیے نئے امیگرنٹ ویزا کی ضرورت ہوتی ہے۔ امریکا سے باہر قیام کی مدت میں اضافے کیلیے امریکا چھوڑنے سے پہلے درخواست دی جاسکتی ہے جس کیلیے درخواست گذار کا امریکا میں جسمانی طور پر موجود ہونا ضروری ہے۔ امریکی قونصل خانے میں یہ درخواستیں وصول نہیں کی جاتیں۔
اگر گرین کارڈ کے حامل درخواست گذار نے امریکا سے باہر زائد المعیاد قیام کیا ہے تو وہ ’ریٹرننگ ریزیڈنٹ اسٹیٹس‘ کیلیے درخواست دے سکتا ہے۔ اس مقصد کیلیے درخواست گذار کو امریکا سے مظبوط تعلق، امریکا سے باہر زائد المعیاد قیام ان کے اختیار سے باہر ہونے اور امریکا واپسی کے ارادے کوثابت کرنا ہوگا۔ اگر درخواست گذار یہ شرائط پوری کرنے میں ناکام رہتا ہے تو اس کے خاندان کے افراد یا ملازمت فراہم کرنے والا ادارہ امریکی شہری اور امیگریشن خدمات کے ادارے (USCIS) کو امیگرنٹ ویزا کی درخواست دے سکتے ہیں۔
’ریٹرننگ ریزیڈنٹ اسٹیٹس‘ کی درخواست دو حصوں پر مشتمل ہے۔
پہلا حصہ: اس مر حلے میں گرین کارڈ کے حامل درخواست گذار ’ریٹرننگ ریزیڈنٹ اسٹیٹس‘ کیلیے اپنی اہلیت معلوم کرنے کیلیے درخواست دیتےہیں۔ سندھ اور بلوچستان میں رہائش پذیر درخواست گذاروں کو امریکی قونصل خانے کراچی میں درخواست دینی ہوگی۔ انٹرویو کے دوران درخواست گذار کو مندرجہ ذیل دستاویزات فراہم کرنی ہوں گی:
-
’ریٹرننگ ریزیڈنٹ اسٹیٹس‘ کی اہلیت جانچنے کیلیے درخواست (DS-117)
-
گرین کارڈ (Form-551)
-
ری اینٹری پرمٹ (اگر موجود ہو تو)
-
آخری بار امریکا سے باہر جانے کی درست تاریخ کا دستاویزی ثبوت (مثلاً ہوائی جہاز کا ٹکٹ یا پاسپورٹ پر مہر)
-
امریکا سے تعلق اور وہاں واپس جانے کی خواہش کا دستاویزی ثبوت (مثلاً ٹیکس دستاویزات)
-
اس بات کا ثبوت کہ درخواست گذار کا امریکا سے باہر زائد المعیاد قیام اس کے اختیار سے باہر تھا (مثلاً میڈیکل دستاویزات)
-
ریٹرننگ ریزیڈنٹ فیس (واضح رہے کہ یہ فیس ناقابلِ واپسی ہے)
انگریزی کے علاوہ دیگر زبانوں میں موجود دستاویزات کا انگریزی ترجمہ اورمترجم کی جانب سے ترجمے کے درست ہونے کا تصدیق نامہ لازمی ہے۔ ترجمے کا نوٹری پبلک سے تصدیق کرانا ضروری نہیں۔ اس مرحلے پر امریکی قونصل خانے کا اہلکار درخواست گذار کا انٹرویو لے گا اور جمع کرائی گئی دستاویزات کا معائنہ کرے گا۔
دوسرا مرحلہ: درخواست گذار کے ’ریٹرننگ ریزیڈنٹ اسٹیٹس‘ (SB-1) کے معیار پر پورا اترنے کی صورت میں امریکی قونصل خانہ کراچی درخواست گذار کو امریکی سفارت خانے اسلام آباد میں درخواست کا دوسرا مرحلہ مکمل کرنے کیلیے ہدایات فراہم کرے گا۔ اس مرحلے پر درخواست گذار کو امریکی امیگرنٹ ویزا کی تمام شرائط کو پورا کرنا ہوگا جن میں ویزا فیس کی ادائیگی، میڈیکل، پولیس شناخت، حلف نامے اور امریکی سفارت خانے اسلام آباد میں دوسرے انٹرویو کیلیے پیش ہونا شامل ہے۔ درخواست پر کاروائی کی مدت کا دآرومدار درخواست کی نوعیت اور فراہم کی جانے والی معلومات پر منحصر ہے۔ واضح رہے کہ کئی درخواستوں پر کاروائی میں چند مہینے کا عرصہ بھی لگ سکتا ہے۔ درخواست گذاروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ پاسپورٹ پر ویزا لگنے تک امریکا کے سفر کیلیے ہوائی جہاز کا ٹکٹ نہیں خریدیں۔ درخواست گذار کے ’ریٹرننگ ریزیڈنٹ اسٹیٹس‘ کیلیے نااہل تصور ہونے کی صورت میں اس کے خاندان کے افراد یا ملازمت فراہم کرنے والا ادارہ امریکی شہری اور امیگریشن خدمات کے ادارے (USCIS) کو امیگرنٹ ویزا کی درخواست دے سکتے ہیں۔
’ریٹرننگ ریزیڈنٹ اسٹیٹس‘ کیلیے درخواست دینے والے افراد کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ مندرجہ بالا شرائط کو پڑھنے کے بعد اپنی اہلیت کا فیصلہ کریں۔ درخواست فیس ناقابل واپسی اور درخواست کی جانچ پرتال کا عمل انتہائی مشکل ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ ’ریٹرننگ ریزیڈنٹ اسٹیٹس‘ کی منظوری امریکی ویزا کے حصول کی ضمانت نہیں۔