امریکی شہری کی موت

اگر کسی امریکی شہری کی پاکستان میں موت واقع ہوجائے تو امریکی شہری خدمات یونٹ میت کے انتظامات کرنے میں اورپاکستان میں کسی قریبی عزیزکے نہ ہونے پر رابطہ کا کام کر سکتا ہے۔

سفارت خانے سے رابطہ کرنے کے لیے 92512080000اس نمبرپر آپ 24 گھنٹے میں کسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں۔امریکہ میں موجود ہونے کی صورت میں محکمہ خارجہ سے رابطہ کیجیے:18884044747

ڈیتھ سرٹیفیکٹ حاصل کرنا (جسے بیرون ملک موت کی قونصلر رپورٹ کہا جاتا ہے)

اگر کسی مدد کی ضرورت نہ بھی ہو، تب بھی امریکی شہری کی موت کی اطلاع سفارت خانے کو دی جانی چاہیے تاکہ بیرون ملک موت کی قونصلر رپورٹ کا اجراء ممکن ہوسکے۔ یہ رپورٹ ڈیتھ سرٹیفیکٹ کی طرح ہی ہوتی ہے اور امریکہ میں جائیداد اور قانونی معاملات سے نمٹنے میں لواحقین کے لیے مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔یہ رپورٹ سرکاری اورانگریزی زبان میں ہوتی ہے۔

درکار دستاویزات 

سفارت خانہ بیرون ملک موت کی قونصلر رپورٹ اس وقت جاری کرتا ہے جب مندرجہ ذیل کاغذات فراہم کیے جاتے ہیں:

  • مقامی انتظامیہ سے حاصل کردہ اصل ڈیتھ سرٹیفیکٹ
  • ڈاکٹر کی رپورٹ جس میں موت کی وجہ درج ہو
  • متوفی کا اصل پاسپورٹ، براہ مہربانی یاد رہے کہ اس سے قبل کہ بیرون ملک موت کی قونصلررپورٹ جاری کی جاسکے،قونصلر افسر کے لیے ضروری ہے کہ وہ متوفی کا پاسپورٹ منسوخ کرے۔

میت کی آخری رسومات

سفارت خانہ متوفی کے لواحقین سے رابطہ کر سکتا ہے اورمیت سے متعلق مقامی انتظامیہ کو ان کی خواہشات سے آگاہ کرسکتا ہے۔براہ مہربانی نوٹ فرما لیجیے کہ:

  • پاکستانی ضوابط کے مطابق مرنے والے فرد کو جلایا جاسکتا ہے، دفن کیا جاسکتا ہے، یاموت کے ۷۲ گھنٹے کے اندر حنوط کیا جاسکتا ہے۔ حنوط شدہ میت کو سرد خانے میں رکھا جا سکتا ہے یہاں تک کہ ورثاء سے میت کے بارے میں مزید ہدایات موصول ہوجائیں۔
  • فارت خانہ میت کو امریکہ بھیجنے کے لیے کاغذی کارروائی میں مدد فراہم کرے گااور ورثاء کی ہدایات کی روشنی میں تیاری میں اعانت فراہم کرے گا۔ تمام اخراجات کی ذمہ داری ورثاء پر ہوتی ہے۔
  • براہ مہربانی یاد رہے کہ حنوط کرنے اور سرد خانے کی خدمات پاکستان میں محدود ہیں اور ہمیشہ امریکی معیار کے مساوی نہیں ہیں۔امریکی حکومت میت کو بھیجنے یا دفنانے کے انتظامات سمیت اس سلسلے میں آنے والے اخراجات کے لیے کوئی رقم فراہم نہیں کرتی۔

مزید معلومات کے لیے کلک کریں: اسلام آباد فطرت رپورٹ رہتا ہے (PDF 149 KB)

براہ مہربانی سفارت خانے سے رابطہ کرنے میں تذبذب کا شکار نہ ہوں۔ آپ فون یا ای میل
کے ذریعے ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں ACSIslamabad@state.gov

پاکستان میں امریکی شہری کی موت کی صورت میں امریکی قونصل خانے کی جانب سے مندرجہ ذیل ضروری معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی قونصل خانہ تجہیز و تدفین اور اس سے متعلقہ دیگر خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی کارکردگی کے معیار کے بارے میں ذمہ دار نہیں۔

تجہیز و تدفین کی خدمات فراہم کرنے والے ادارے

یوسف اینڈ کمپنی
دکان نمبر 222، نزد کیمپ جنرل اسٹور
بوہری بازار صدر
کراچی

فون: 03332195235

پاکستان میں میت کی تیاری اور بیرون ملک ترسیل

تدفین کیلیے زیادہ سے زیادہ مدت – پاکستانی قوانین کے مطابق میت کو حنوط کرنے کا کوئی مقررہ وقت نہیں تاہم غیر حنوط شدہ میت کی 72 گھنٹے کے اندر تدفین لازمی ہے۔ اگر موت کی وجہ کوئی متعدی بیماری ہے تو متعلقہ سرکاری ادارہ اس مدت سے پہلے تدفین کی تجویز دے سکتا ہے۔

میت حنوط کرنے کی سہولیات – پاکستان میں میت حنوط کرنے کی سہولیات موجود ہیں۔ اگر ممکن ہو تو موت کے 24 گھنٹے کے اندر میت کو حنوط کر دیا جائے۔

کریا کرم – مقامی قوانین کے مطابق ورثا کی درخواست پر میت کا کریا کرم کیا جاسکتا ہے۔ کراچی میں ایک شمشان گھاٹ موجود ہے جہاں ایندھن کے طور پر لکڑی کا استعمال کیا جاتا ہے لیکن بجلی کے ذریعے کریا کرم کی سہولیات موجود نہیں۔

تابوت – پاکستان سے باہر میت کی ترسیل کیلیے چار تہوں والے تابوت ضروری ہیں۔ حنوط شدہ میت کو سیل بند دھاتی تابوت میں رکھا جائے جسے ایک دوسرے سیل بند پالش کیے ہوئے تابوت میں منتقل کیا جائے۔ آخر میں اسے لکڑی کے تابوت میں رکھا جائے جسے لکڑی کے تختوں اور دھاتی پتریوں سے مضبوطی کے ساتھ بند کیا جائے۔ تابوت کے باہر میت کی تفصیل اور تابوت کی تہوں کی تعداد درج ہونی چاہیے۔

میت کی بیرون ملک ترسیل کیلیے درکار دستاویزات

میت کی بیرون ملک ترسیل کیلیے سرکاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور میت کو حنوط کیے جانے کے بارے میں ڈاکٹر کا سرٹیفکیٹ لازمی ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ سرکاری ادارے کی جانب سے میت کو درست طریقے سے تابوت میں منتقل کرنے کا سرٹیفکیٹ اور میت کو منتقل کرنے کیلیے متعلقہ تھانے کا اجازت نامہ بھی ضروری ہے۔

راکھ کی بیرون ملک ترسیل کیلیے درکار دستاویزات

راکھ کی بیرون ملک ترسیل کیلیے سرکاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور متعلقہ سرکاری ادارے کی جانب سے میت کے درست کریا کرم کا سرٹیفکیٹ ضروری ہے۔ اس کے علاوہ راکھ کو منتقل کرنے کیلیے متعلقہ تھانے کا اجازت نامہ بھی درکار ہوتا ہے۔

قبر کشائی اور میت کی بیرون ملک ترسیل

قبر کشائی سے پہلے متعلقہ سرکاری ادارے سے اجازت لینا لازمی ہے اور اس عمل کے دوران اس ادارے کے افسر کی موجودگی ضروری ہے۔ میت کی منتقلی اس افسر کی اجازت سے مشروط ہے جو میت اور تابوت کی حالت اور قبرکشائی کے وقت موجود صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کرے گا۔

میت کی بیرون ملک ترسیل کیلیے درکار دستاویزات

پاکستان سے میت کی بیرون ملک ترسیل کیلیے امریکی قونصل خانے کی جانب سے جاری کردہ اتھارٹی لیٹر، بیرون ملک موت کی قونصلر رپورٹ، مقامی پولیس کا این او سی، امریکی قونصل خانے کا این او سی اور مرنے والے شخص کے پاسپورٹ کی تصدیق شدہ فوٹو کاپی درکار ہوتی ہیں۔

ہوائی جہاز کے ذریعے میت کی بیرون ملک منتقلی

حنوط شدہ میت کی بیرون ملک ترسیل کیلیے تابوت کی مندرجہ ذیل پیمائش ضروری ہے۔

تابوت کا وزن: 272 کلو گرام یا 600 پاونڈ

تابوت کی پیمائش: 7x3x2 فٹ

راکھ کی بیرون ملک ترسیل کیلیے مرتبان کی مندرجہ ذیل پیمائش ضروری ہے۔

مرتبان کا وزن: 9 کلو گرام یا 20 پاونڈ

مرتبان کی پیمائش: 15x12x12 انچ

میت کی بیرون ملک ترسیل کے اخراجات

مندرجہ ذیل تمام اخراجات اگست 2014 میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کو دیکھتے ہوئے درج کیے گئے ہیں۔ ایک امریکی ڈالر 100 پاکستانی روپوں کے برابر ہے۔

  • مقامی تدفین 300 ڈالر
  • مقامی کریا کرم بشمول راکھ، مرتبان اور راکھ کی مرتبان میں منتقلی 1500 ڈالر
  • میت کی بیرون ملک منتقلی کیلیے حنوط کرنے کے اخراجات 400 ڈالر
  • میت کی بیرون ملک منتقلی کیلیے کریا کرم کے اخراجات 500 ڈالر
  • میت کی بیرون ملک ترسیل کیلیے انتظامات بشمول حنوط کرنے کا عمل، کاغذی کاروائی اور تہہ دار تابوت کی فراہمی 2000 ڈالر
  • کراچی تا نیویارک ہوائی جہاز کے اخراجات 7 ڈالر فی کلو گرام
  • کراچی تا سان فرانسسکو ہوائی جہاز کے اخراجات 10 ڈالر فی کلو گرام