ٹیکس معلومات

بیرون ملک معاشی اثاثے یا غیر ملکی بینک اکاونٹ رکھنے والے افراد کیلیے ضروری ہے کہ وہ اس مقصد کیلیے استعمال کیا جانے والا فارم 8938 پُر کریں۔ یہ ٹیکس دہندگان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کا تعین کریں کہ آیا وہ ٹیکس ادائیگی کے مخصوص معیار پر پورے اترتے ہیں۔ ایسا نا کرنے کی صورت میں انھیں بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ فارم 8938، اسے پُر کرنے کیلیے ہدایات، قوانین کی تفصیل اور اس قسم کی دیگر معلومات امریکی محکمہ ریوینیو (IRS) کی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

بے شمار پرائیویٹ اکاونٹنٹ اور دیگر افراد امریکی شہریوں کو ٹیکس ادائیگی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کا دعوی کرتے ہیں۔ ان کی فراہم کردہ معلومات درست یا غلط ہو سکتی ہیں۔ امریکی قونصل خانے کے پاس ایسے افراد یا ادروں کی کوئی فہرست موجود نہیں ہے اور نا ہی قونصل خانہ ایسی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے قابل اعتبار ہونے کی تصدیق کرسکتا ہے۔

غیر ملکی اثاثے رکھنے والے افراد کیلیے معلومات

غیر ملکی اکاونٹ کیلیے ٹیکس کی ادائیگی کے ایکٹ (FATCA) کے تحت ایک مخصوص حد سے زائد غیر ملکی اثاثے رکھنے والے امریکی شہریوں کیلیے ضروری ہے کہ وہ امریکی محکمہ ریوینیو (IRS) کو اس کی تفصیل فراہم کریں۔ اس سلسلے میں رپورٹنگ فارم 8938 استعمال کیا جائے اور اسے ٹیکس دہندگان کے انفرادی وفاقی انکم ٹیکس ریٹرن کے ساتھ منسلک کیا جائے۔

غیر ملکی مالیاتی اداروں کیلیے معلومات

غیر ملکی اکاونٹ کیلیے ٹیکس کی ادائیگی کے ایکٹ (FATCA) کے تحت غیر ملکی اداروں کیلیے ضروری ہے کہ وہ امریکی ٹیکس دہندگان کے مالیاتی اثاثوں یا غیر ملکی اداروں کے ایسے اکاونٹس جن میں امریکی ٹیکس دہندگان کا قابل ذکر حصہ ہو، کی معلومات امریکی محکمہ ریوینیو (IRS) کو براہ راست فراہم کریں۔

دھوکہ دہی، ضیائع اور بدسلوکی کی نشاندہی

ٹریژری انسپکٹر جنرل فار ٹیکس ایڈمنسٹریشن (TIGFA) کا ادارہ امریکی ٹیکس نظام کی شفافیت اور امریکی محکمہ ریوینیو (IRS) کی کارکردگی پر نظر رکھنے کیلیے تشکیل دیا گیا ہے۔ ٹیکس نظام میں دھوکہ دہی، ضیائع اور بدسلوکی ٹیکس دہندگان سے ناانصافی ہے اور یہ مختلف شکلوں میں جنم لے سکتی ہے۔ TIGFA کی اہم ذمہ داریوں میں آڈٹ، معائنے اور انتظامی اور قانونی تحقیقات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ یہ ادارہ امریکی محکمہ ریوینیو کے حکام کو رشوت یا دھمکیوں، ترسیلات زر کی چوری، جعلی ٹیکس حکام کی طرف سے درخواست گذاروں کی معلومات حاصل کرنے کی کوشش اور ٹیکس حکام کی جانب سے اپنے عہدے کے غلط استعمال کی تحقیقات کرتا ہے۔ امریکی محکمہ ریوینیو سے منسلک دیگر اداروں کی جعلسازی، وفاقی ٹیکس قانون پر عمل درآمد میں حائل مشکلات اور ٹیکس دہندگان کی حق تلفی کی تحقیقات بھی اس ادارے کے فرائض میں شامل ہیں۔امریکی ٹیکس نظام میں دھوکہ دہی، ضیائع اور بدسلوکی کے بارے میں ہر قسم کی معلومات ٹریژری انسپکٹر جنرل فار ٹیکس ایڈمنسٹریشن (TIGFA) کی ویب سائٹ پر فراہم کی گئی ہیں۔